پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجا نے کہا ہے کہ فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی سے بات ہوئی ہے، ان کی فٹنس اچھی ہے، شاہین آفریدی کا کہنا ہے کہ بھارت کے خلاف میچ کے لیے تیار ہوں گے، روایتی حریف کے خلاف ٹی 20 ورلڈکپ کا میچ 23 اکتوبر کو ہوگا۔

20 اگست کو ڈان کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ شاہین شاہ آفریدی ایشیا کپ ٹی20 سے باہر ہو گئے تھے، پی سی بی کی میڈیکل ایڈوائزری کمیٹی اور آزاد اسپیشلسٹ کے پینل نے شاہین شاہ آفریدی کی رپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد انہیں 4 سے 6 ہفتے آرام کا مشورہ دیا تھا۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 23 اکتوبر کو میلبورن کرکٹ گراؤنڈ کھیلا جائے گا۔

16 ملکی ٹورنامنٹ کا آغاز 16 اکتوبر کو سری لنکا کا جیلونگ میں نمیبیا کے خلاف میچ سے ہوگا، جیلونگ پہلی بار آسٹریلیا کی میزبانی میں منعقد ہونے والے عالمی ایونٹ کے سات مقامات میں سے ایک ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی 20 ورلڈ کپ: روایتی حریفوں پاک ۔ بھارت میچ کی تمام ٹکٹس فروخت

ڈان نیوز کے پروگرام ‘ری پلے’ میں بات کرتے ہوئے رمیز راجا کا کہنا تھا کہ شاہین شاہ آفریدی کا ری ہیب اچھا چل رہا ہے، ان سے بات ہوئی ہے، ان کی فٹنس اچھی ہے۔

انہوں نے کہا تھا ہماری رائے تھی کہ شاہین شاہ کے 110 فیصد فٹ ہونے تک ہم کوئی خطرہ مول نہیں لیں گے۔

‘پاکستان ٹی 20 ورلڈکپ جیت سکتا ہے’

رمیزراجا نے کہا ٹی 20 ورلڈکپ میں ہر ٹیم خطرناک ہے، پاکستان ٹی 20 ورلڈکپ جیت سکتا ہے، پاک بھارت میچ دنیا میں سب سے زیادہ دیکھا جاتا ہے۔

پی سی بی چیئرمین رمیزراجا کا کہنا تھا کہ ٹیم ورلڈکپ کھیلنے گئی ہوئی ہے، ان پر ابھی تنقید نہیں کرنی چاہئے، اس ٹیم میں صلاحیت ہے کہ ورلڈکپ میں اچھی کارکردگی دکھاسکے، کھلاڑیوں کو انفرادی طور پر ٹارگٹ نہیں کرنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم میں مڈل آرڈر کا مسئلہ ہے لیکن جو اچھی چیزیں انہیں نہیں بھولنا چاہئے، جو ٹیم کھیل رہی ہے یہی کھلاڑی بہترین ہیں۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ٹیم میں خامیاں ضرور ہیں لیکن اچھی چیزیں زیادہ ہیں، تھوڑا وقت لگے گا جو خامیاں ہیں وہ بھی دور ہوجائیں گی۔

مزید پڑھیں: شاہین شاہ آفریدی انجری سے بحالی کیلئے دبئی سے لندن روانہ ہوں گے

ان کا کہنا تھا کہ ٹی 20لیگ ڈومیسٹک ٹیلنٹ کی وجہ سے کامیاب ہوتی ہیں، میں نے چیئرمین بننے کے بعد کوشش کی کہ کپتان بااختیار ہو، ورلڈکپ جیتنے کیلئے ٹیم کو بہترین دستیاب وسائل فراہم کئے ہیں۔

‘ایک کرکٹر بھی اچھا ایڈمنسٹریٹر بن سکتا ہے’

انہوں نے کہا کہ کمنٹری کرنا یاد آتا ہے، ایک کرکٹر بھی اچھا ایڈمنسٹریٹر بن سکتا ہے، اسی لیے بورڈ میں آیا، میں خود کرکٹ کھیل چکا ہوں، مجھے بہت سی چیزوں کے بارے میں علم ہے۔

رمیز راجا کا کہنا تھا کہ میرے پاس وقت کم ہے، ہم نے کرکٹ کے بہت اچھے پراجیکٹ شروع کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فخرزمان بھی انجری سے صحتیاب ہورہے ہیں، عثمان قادر کی انگلی میں ہیرلائن فریکچر ہوگیا ہے۔

پی سی بی کے چیئرمین رمیزراجا نے کہا کہ بھارت کے خلاف میچ اعصاب کا امتحان ہوتا ہے، بھارتی ٹیم نے بھی اب پاکستان کو عزت دینا شروع کردی ہے، انہیں اندازہ ہوگیا ہے کہ پاکستان میچ جیت سکتا ہے، پاکستان ٹیم کو سراہانا چاہئے، محدود وسائل میں بھارت کے خلاف اچھا کھیل پیش کررہے ہیں۔

‘آج بھارت کے خلاف ویمن ٹیم نے بہترین کھیل پیش کیا’

ان کا کہنا تھا کہ ویمن کرکٹ لیگ کا کل اعلان ہوا آج ویمن کرکٹ ٹیم نے بھارت کو ہرادیا، خواتین ٹیم تھوڑی پیچھے رہ گئی تھی، پوری کوشش کررہے ہیں انہیں بھی سہولیات دیں، آج بھارت کے خلاف ویمن ٹیم نے بہترین کھیل پیش کیا۔

مزید پڑھیں: ٹی20 ورلڈکپ کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان، فخر زمان باہر

رمیز راجا نے کہا کہ جونیئر لیگ پاکستان ٹیم کو مضبوط کرے گی، ہم پاکستان کرکٹ کے سسٹم کو اچھا کرنے کی کوشش کررہے ہیں، مستقبل میں بہترین ٹیم بناکر دکھاؤں گا، بیٹنگ میں پاکستان ٹیم کو مسائل درپیش ہیں، بیٹنگ بہتر کرنے کی کوشش کررہے ہیں، تھوڑا وقت لگے گا، اس میں بھی بہتری آئے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ نوجوان کھلاڑی جو سامنے آئیں گے انہیں فرسٹ کلاس سسٹم میں لائیں گے، پاکستان جونیئرلیگ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے پہلا پلیٹ فارم ہے، نیا ٹیلنٹ جب سامنے آئے گا تو پی ایس ایل میں بھی ٹیمیں بڑھائی جاسکتی ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں