حدیقہ کیانی کی والدہ شاعرہ خاور کیانی انتقال کر گئیں

اپ ڈیٹ 15 اکتوبر 2022
گلوکارہ کی والدہ کئی سال سے علیل تھیں—فوٹو: انسٹاگرام
گلوکارہ کی والدہ کئی سال سے علیل تھیں—فوٹو: انسٹاگرام

معروف گلوکارہ، اداکارہ و سماجی رہنما حدیقہ کیانی کی والدہ اور شاعرہ خاور کیانی طویل عرصے تک علیل رہنے کے بعد انتقال کر گئیں۔

خاور کیانی چند سال سے بستر مرگ پر تھیں، زائد العمری اور مختلف بیماریوں کے باعث وہ مفلوج بن گئی تھیں اور حدیقہ کیانی ان کی دیکھ بھال کے لیے جہاں نرسز کی خدمات حاصل کر رکھی تھیں، وہیں وہ خود بھی شوبز مصروفیات میں ان کی وجہ سے وقفہ لیتی رہتی تھیں۔

گزشتہ برس خاور کیانی کی طبیعت بہت زیادہ خراب ہوگئی تھی اور حدیقہ کیانی نے مداحوں سے ان کی صحت یابی کے لیے اپیل بھی کی تھی جب کہ انہوں نے والدہ کی دیکھ بھال کے لیے سوشل میڈیا سے بھی کچھ وقت کے لیے دوری اختیار کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: حدیقہ کیانی کی والدہ کیلئے دعاؤں کی اپیل

حدیقہ کیانی گزشتہ کچھ عرصے اپنے انٹرویوز میں والدہ کی خراب صحت پر بات کرتی رہی تھیں اور ساتھ ہی مداحوں کو ان کے لیے دعا بھی اپیل کرتی رہی تھیں۔

گلوکارہ کے انسٹاگرام پیج پر 14 اکتوبر کو خاور کیانی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ان کے انتقال کی تصدیق کی گئی۔

گلوکارہ کی ٹیم کی جانب سے شیئر کی گئی پوسٹ میں خاور کیانی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے لوگوں سے ان کی مغفرت کے لیے دعا کی درخواست بھی کی گئی۔

پوسٹ میں لوگوں سے اپیل کی گئی کہ وہ حدیقہ کیانی اور ان کی والدہ کی نجی زندگی کا خیال رکھیں اور انہیں محبت سے یاد کرنے سمیت ان کی مغفرت کے لیے دعا کریں۔

مزید پڑھیں: والدہ کی بیماری کے باعث حدیقہ کیانی نے سوشل میڈیا سے دوری اختیار کرلی

پوسٹ میں بتایا گیا کہ خاور کیانی تعلیم یافتہ اور شاعرہ تھیں، وہ کئی سال تک شعبہ تعلیم میں خدمات دیتی رہیں اور بطور پرنسپل ریٹائرڈ ہوئیں۔

حدیقہ کیانی کی والدہ نے اپنی بیٹی کے لیے متعدد گانے بھی لکھے اور ان کا لکھا گیا گانا ’بوے باریاں‘ اور دیگر شامل ہیں۔

ان کی والدہ نے کرکٹ ورلڈ کپ 1999 کے لیے بھی پاکستانی ٹیم کے لیے ترانہ ’انتہائی شوق‘ لکھا تھا، علاوہ ازیں انہوں نے شاعری اور موسیقی پر متعدد کتابیں بھی لکھیں۔

حدیقہ کیانی کی والدہ کے انتقال پر متعدد شخصیات نے گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی والدہ کے لیے مغفرت کی دعا بھی کی۔

تبصرے (0) بند ہیں