انگلینڈ کے خلاف وارم اپ میچ میں پاکستان کی بیٹنگ اور باؤلنگ دونوں ناکام

اپ ڈیٹ 17 اکتوبر 2022
میچ میں بابر اعظم کی جگہ شاداب خان نے قومی ٹیم کی قیادت کی — فوٹو بشکریہ پی سی بی
میچ میں بابر اعظم کی جگہ شاداب خان نے قومی ٹیم کی قیادت کی — فوٹو بشکریہ پی سی بی

ٹی20 ورلڈ کپ کے وارم اَپ میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔

برسبین میں کھیلے گئے وارم اپ میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا، پاکستان نے میچ میں بابر اعظم اور محمد رضوان کو آرام کا موقع فراہم کیا۔

اوپنرز حیدر علی اور شان مسعود نے ٹیم کو 29 گیندوں پر 49 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا جس کے بعد حیدر کی 18 رنز کی اننگز اختتام کو پہنچی۔

شان مسعود نے 22 گیندوں پر 39 رنز بنائے جبکہ قائم مقام کپتان شاداب خان نے 14رنز اسکور کیے اور خوشدل شاہ گولڈن ڈک پر آؤٹ ہوئے۔

افتخار احمد نے 22، آصف نے 14 رنز بنائے جبکہ اختتامی اوورز میں محمد وسیم نے 16 گیندوں پر 26 رنز بنا کر پاکستان کے مجموعے کو مقررہ اوورز میں 160 تک پہنچایا۔

انگلینڈ کے ڈیوڈ ولی نے 2 وکٹیں لیں جبکہ بین اسٹوکس، سیم کرن، کرس جورڈن اور لیام لیونگسٹن نے ایک، ایک وکٹ لی۔

ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم ابتدا میں ہی فل سالٹ سے محروم ہوگئی لیکن بین اسٹوکس نے 18 گیندوں پر 36 رنز بنا کر اسکور کو 49 تک پہنچا دیا۔

اس مرحلے پر بین اسٹوکس کے ساتھ ساتھ ایلکس ہیلز یکے بعد دیگرے آؤٹ ہوئے تو انگلینڈ کی ٹیم 51 رنز پر تین وکٹیں گنوا چکی تھی جس سے میچ میں پاکستان کی واپسی کی امید پیدا ہوئی۔

تاہم لیام لیونگسٹن اور ہیری بروک نے محض 26 گیندوں پر 53 رنز کی شراکت قائم کر کے انگلینڈ کی جیت کی امیدیں روشن کر دیں۔

لیونگسٹن 16 گیندوں پر 28 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے لیکن نئے بلے باز سیم کرن نے میدان میں آکر مزید جارحانہ انداز اپنایا اور 14 گیندوں پر 33 رنز بنائے جبکہ ہیری بروک نے بھی ان کا بھرپور ساتھ نبھاتے ہوئے 24 گیندوں پر 45 رنز بٹورے۔

انگلینڈ نے 161 رنز کا ہدف باآسانی 32 گیندیں قبل حاصل کر کے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔

پاکستان کی ٹیم ایونٹ میں اپنا دوسرا وار اَپ میچ 19 اکتوبر کو افغانستان کے خلاف کھیلے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں