پی ٹی آئی کا توشہ خانہ ریفرنس کا فیصلہ عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان

اپ ڈیٹ 21 اکتوبر 2022
فواد چوہدری نے کہا الیکشن کمیشن نے بالکل ویسا ہی فیصلہ دیا جیسا کہ ہمیں امید تھی — فوٹو: ڈان نیوز
فواد چوہدری نے کہا الیکشن کمیشن نے بالکل ویسا ہی فیصلہ دیا جیسا کہ ہمیں امید تھی — فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان تحریک انصاف نے توشہ خانہ ریفرنس میں پارٹی چیئرمین عمران خان کی نااہلی کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو شرمناک قرار دیتے ہوئے اسے اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کردیا۔

پی ٹی آئی کے جنرل سیکریٹری اسد عمر نے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ چیلنج ہوگا،مائنس عمران خان کا خواب کبھی نہیں پورا ہوگا۔

الیکشن کمیشن پاکستان کی جانب سے فیصلہ سنائے جانے کے فوری بعد میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے بالکل ویسا ہی فیصلہ دیا جیسا کہ ہمیں ان سے امید تھی، ایک طرف نواز شریف اور آصف زرداری کے مقدمات، ان کے فنڈنگ کیسز کی سماعت ہی نہیں کی جارہی جب کہ دوسری جانب صرف عمران خان کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: توشہ خانہ ریفرنس: الیکشن کمیشن نے عمران خان کو نا اہل قرار دے دیا

ان کا کہنا تھا کہ فیصلہ دینے والے کیا سمجھتے ہیں کہ وہ عمران خان کو نااہل کرکے پاکستان کے 22 کروڑ لوگوں کو نااہل کردیں گے، 22 کروڑ لوگوں کو نااہل کرنے کا آج دیا گیا فیصلہ شرمناک ہے، یہ فیصلہ پاکستان کی عزت کے اوپر حملہ ہے، یہ حملہ عمران خان کے اوپر نہیں بلکہ پاکستان کے آئین کے اوپر حملہ ہے، پاکستان کے قانون اور اس کے اداروں پر حملہ ہے، یہ پاکستان کے عوام کے منہ پر طمانچہ مارا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں ہونے والے ضمنی انتخابات میں عمران خان نے کامیابی حاصل کی، پنجاب کے الیکشن میں دو تہائی اکثریت سے جیت کر عمران خان واپس آرہا ہے، تم لوگ ہوتے کون ہو یہ فیصلہ کرنے والے اور جس طریقے سے یہ فیصلہ ہوا ہے الیکشن کمشنر اور اس کے اراکین عہدوں پر رہنے کے اہل نہیں ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ میں عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اپنے حقوق کے لیے باہر نکلیں، یہ پی ٹی آئی یا عمران خان کا مسئلہ نہیں ہے، یہ پاکستان کے 22 کروڑ عوام کے منہ پر طمانچہ ہے جو آج اس بدکردار الیکشن کمشنر اور اس کے اراکین نے مارا ہے، یہ فیصلہ سنا کر پاکستان کے عوام کے منہ پر جوتا مارا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی اس نااہلی کا مطلب یہ نہیں ہے کہ عمران خان تاحیات سیاست کے لیے نااہل ہوگئے ہیں، عمران خان کی نااہلی نواز شریف کی طرح تاحیات نااہلی نہیں ہے۔

مزید پڑھیں: عمران خان کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس کا فیصلہ کل سنایا جائے گا، الیکشن کمیشن

انہوں نے کہا کہ میں عوام سے کہتا ہوں کہ وہ اپنے حق کے لیے باہر نکلیں، آج پاکستان میں انقلاب کی ابتدا ہوگئی ہے، جس طرح سے یہ طریقے سے کیا گیا، پاکستان کے عوام اسے مسترد کرتے ہیں، پی ٹی آئی اسے مسترد کرتی ہے اور پورا پاکستان اسے مسترد کرتا ہے، میں عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ باہر نکلیں، ان ایوانوں کو الٹا کر ہی پاکستان کا آئین بچایا جاسکتا ہے، ملک کے آئین کے تحفظ کے لیے عوام باہر نکلیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ کل سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی لانگ مارچ روکنے سے متعلق حکومتی درخواست کو مسترد کردیا ہے، اگر ملک کے آئین سے احتجاج کا جمہوری حق نکال دیں تو پھر آپ برما یا شمالی کوریا بن جائیں گے، احتجاج جمہوریت کا بنیادی حق ہے جس کا پاکستانی عوام بھرپور استعمال کریں گے۔

یہ مفرور نواز شریف کا لکھا ہوا فیصلہ ہے، شہباز گِل

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنما شہباز گل نے کہا کہ یہ فیصلہ نواز شریف کے ایک ذاتی ملازم نے دیا ہے، نواز شریف نے یہ فیصلہ لکھا ہے اور ان کے ایک ملازم نے دستخط کرکے یہ فیصلہ سنایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فیصلہ سنانے کے لیے 2 بجے کا وقت مقرر کیا گیا اور گیٹوں کو تالے لگا دیے گئے، اگر فیصلہ انصاف پر مبنی تھا تو ڈر کیسے تھا، یہ مفرور، بھگوڑے نواز شریف کا لکھا ہوا فیصلہ ہے جسے عوام مسترد کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان وہ لیڈر ہے جہاں کھڑا ہوجائے وہاں عوام وہاں کروڑوں، اربوں روپے اس کے قدموں پر نچھاور کردیتے ہیں، جب عمران خان وزیر اعظم تھے تو میں ان کے بہت قریب رہا، دعوے سے کہہ سکتا ہوں کہ انہوں نے قوم کے ایک ایک پیسے کی حفاظت کی لیکن نواز شریف کے ایک کارندے نے جو فیصلہ دیا وہ شرمناک ہے۔

شہباز گل نے کہا کہ اس فیصلے کے خلاف پی ٹی آئی ہر فورم کو استعمال کرے گی اور پاکستان کے عوام بھی اس کے خلاف باہر نکلیں گے۔

فیصلہ سپریم کورٹ میں پہلی پیشی پر اڑ جائےگا، شیخ رشید

فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ توشہ خانہ کیس کا فیصلہ سیاسی طور پر عمران خان کے حق میں گیا ہے، جو لوگ یہ خواہش رکھتے تھے کہ عمران خان اور نواز شریف کا کیس ایک سطح پر آجائے تو ایسا نہیں ہوسکا، یہ فیصلہ سپریم کورٹ میں پہلی پیشی پر ہی اڑ جائے گا، مخالفین کی خواہشات دم توڑ گئی ہیں، آرمی چیف نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے، نیا آرمی چیف پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی خواہش پر نہیں بلکہ میرٹ پر آئے گا۔

۔

شیخ رشید نے کہا کہ اب ملک الیکشن کی جانب بڑھے گا، بہت بڑا معاشی بحران آرہا ہے، آج عمران خان کو نااہل ضرور قرار دیا گیا ہے لیکن یہ ہلکا پھلکا فیصلہ ہوا میں اڑ جائے گا، یہ فیصلہ تشویشناک ضرور ہے لیکن اس کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔

فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے سابق وفاقی وزیر اور پی ٹی آئی کے رہنما مراد سعید نے اس پر تنقید کی۔

انہوں نے کہا کہ مخالفین عمران خان کا مقابلہ اب سیاسی اور انتخابی میدان میں نہیں کر سکتے، اس لیے وہ کسی بھی طرح انہیں نااہل کرنا چاہتے ہیں جب کہ موجودہ چیف الیکشن کمشنر، مسلم لیگ (ن) کی بی ٹیم کا کردار ادا کر رہے ہیں اور پی ڈی ایم کے کرپٹ ٹولے کا ساتھ دے رہے ہیں۔

سابق وفاقی وزیر اور پی ٹی آئی سندھ کے صدر علی زیدی نے کراچی میں الیکشن کمیشن دفتر تک احتجاجی مظاہرے کا اعلان کیا۔

تبصرے (0) بند ہیں