قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ ٹی20 ورلڈ کپ میں پاک۔بھارت میچ کا سب کو انتظار ہے، بطور ٹیم ہم تیار ہیں اور کوشش کریں گے کہ 100 فیصد کارکردگی دکھائیں۔

میلبرن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم کا کہنا تھا کہ موسم ہمارے ہاتھ میں نہیں ہے، بطور کھلاڑی اور کپتان میں چاہوں گا کہ پورا میچ ہو کیونکہ سب لوگ اس میچ کا انتظار کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پورا میچ ہوگا تو زیادہ اچھا ہوگا، جتنا بھی میچ ہو اور صورت حال جیسی بھی ہو، بطور ٹیم ہم تیار ہیں اور کوشش کریں گے کہ 100 فیصد کارکردگی دکھائیں۔

یہ بھی پڑھیں: بابر اعظم مڈل آرڈر کی پرفارمنس سے مطمئن، ورلڈکپ میں عمدہ کارکردگی کیلئے پرامید

ان سے سوال کیا گیا کہ لوگ پاکستان اور بھارت کے میچ کو دیکھ رہے ہیں کہ ایک بہترین باؤلنگ سائیڈ کا مقابلہ ایک بہترین بیٹنگ سائیڈ سے ہورہا ہے، آپ اس چیلنج کے لیے تیار ہیں، جس پر قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ جس طرح ہمارے فاسٹ باؤلر پرفارم کررہے ہیں، شاہین آفریدی بھی ٹیم میں واپس آئے ہیں، نسیم شاہ کے علاوہ حارث رؤف نے جس طرح اپنے گیم اور باؤلنگ کو بہتر بنایا ہے، باؤلنگ کے حوالے سے ہمارا اعتماد بہت بُلند ہے۔

ان کا مزید کہنا تھاکہ کوشش کریں گے کہ ہمارے جو پلان ہیں اس پر عمل کریں، اور اپنا 100 فیصد دیں، ہمارے ہاتھ میں رزلٹ نہیں ہے ہمارے ہاتھ میں کوشش کرنا ہے۔

بھارت کے کھلاڑیوں کے ساتھ تعلقات سے متعلق بابر اعظم کا کہنا تھا کہ جب بھی ہماری بھارتی کھلاڑیوں کے ساتھ ملاقات ہوتی ہے وہ ہم سے اچھے طریقے سے ملتے ہیں، میرا خیال ہے کہ یہی اسپورٹس مین اسپرٹ ہوتی ہے، صرف بھارتی نہیں ہر ٹیم کے کھلاڑیوں کے ساتھ ہمارے اچھے تعلقات ہیں، اور کوشش کرتے ہیں کہ اچھے طریقے سے ملیں، اور میدان میں اپنے ملک کے لیے 100 فیصد کارکردگی دکھاتے ہیں۔

شان مسعود کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ شان مسعود ٹھیک ہیں، ان کے تمام ٹیسٹ ٹھیک آئے ہیں، وہ کل کے لیے تیار ہیں، ابھی تک ہم نے پچ نہیں دیکھی کیونکہ دو دن سے پچ ڈھکی ہوئی ہے، کون سے 11 کھلاڑی میدان میں اتریں گے وہ ہمارے ذہن میں ہے لیکن وکٹ دیکھ کر مزید فیصلہ کریں گے۔

بھارتی کھلاڑی سوریا کمار یادیو کے لیے پلان سے متعلق سوال کی بابت قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ ہر کھلاڑی کے لیے ہمارا پلان ہوتا ہے، کوشش کریں گے کہ جو ہم نے پلان کیا ہے، ہم اس پر 100 فیصد دیں۔

بابر اعظم نے کہا کہ فخر زمان ابھی تک مکمل فٹ نہیں ہوئے، انہیں ابھی فٹ ہونے میں ایک دو میچ لگیں گے، وہ تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں اور پہلے میچ کے لیے وہ دستیاب نہیں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ شاداب خان اور محمد نواز کو ہم ابتدائی نمبروں پر بھیجتے ہیں، وہ اچھی کارکردگی دکھاتے ہیں، وہ لوگ کھلے ذہن کے ساتھ کھیلتے ہیں، ہماری ٹیم کے لیے یہ ایک مثبت پوائنٹ ہے، آسٹریلیا میں گراؤنڈ بڑے ہیں تو یہاں پر زیادہ بڑے شاٹ نہیں لگیں گے، بھاگ کے رنز بنائیں تو آپ کو زیادہ ایج ہوگا۔

موجودہ بھارتی ٹیم میں آپ کو کیا چیلنج نظر آتا ہے؟ اس کے جواب میں بابر اعظم نے کہا کہ چیلنج ہر میچ میں ہوتا ہے، خاص طور پر ٹی20 میں گیم تیزی سے تبدیل ہوتی ہے، جلدی فیصلے کرنے ہوتے ہیں، ایک اوور سے میچ دوسری طرف چلا جاتا ہے، اسی طرح ایک چھوٹی پارٹنرشپ یا رن آؤٹ ہونے سے میچ کا نتیجہ تبدیل ہو جاتا ہے، جتنا آپ مثبت رہیں گے اور جتنا اپنی پلاننگ پر عمل کریں گے، وہ زیادہ اچھا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی موجودہ ٹیم بہت چیلنجنگ ہے، روہت شرما

بابر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ حارث رؤف نے یہاں پر کھیلا ہے، وہ یہاں کی کنڈیشنز سے بخوبی واقف ہے، جب وہ بگ بیش کھیلتے ہیں تو ان کا یہ ہوم گراؤنڈ ہوتا ہے، اس نے باؤلرز اور بلے بازوں کو کافی معلومات فراہم کی ہیں، انہوں نے شاہین آفریدی کی کمی بھی محسوس نہیں ہونے دی، میرا خیال ہے کہ ہمیں اس چیز سے کافی مدد ملے گی۔

سابق کرکٹرز کے اس مؤقف پر کہ بابر اعظم اور محمد رضوان کو جلدی آؤٹ کردیں تو بھارت میچ جیت جائے گا تو اس حوالے سے قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ ٹی 20 میچ میں کوئی بھی کھلاڑی کارکردگی دکھا سکتا ہے، مجھے اپنی ٹیم پر پورا اعتماد ہے، مڈل آرڈر نے کافی میچ جتوائے ہیں، مڈل آرڈر نے مشکل وقت میں کافی پرفارمنس دی ہوئی ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں