ٹی 20 ورلڈ کپ کا سب سے بڑا اپ سیٹ، فیورٹ انگلینڈ کو آئرلینڈ کے ہاتھوں شکست

اپ ڈیٹ 26 اکتوبر 2022
انگلینڈ کے خلاف فتح کے بعد آئرلینڈ کے کھلاڑی جشن مناتے ہوئے شائقین کا شکریہ ادا کر رہے ہیں — فوٹو: اے ایف پی
انگلینڈ کے خلاف فتح کے بعد آئرلینڈ کے کھلاڑی جشن مناتے ہوئے شائقین کا شکریہ ادا کر رہے ہیں — فوٹو: اے ایف پی
آئرلینڈ کے کپتان اینڈی بلبرائن نے 47 گیندوں پر 62 رنز کی اننگز کھیلی— فوٹو: اے ایف پی
آئرلینڈ کے کپتان اینڈی بلبرائن نے 47 گیندوں پر 62 رنز کی اننگز کھیلی— فوٹو: اے ایف پی
میچ بارش کے باعث تعطل کا شکار ہوگیا — فوٹو: آئرلینڈ کرکٹ ٹوئٹر
میچ بارش کے باعث تعطل کا شکار ہوگیا — فوٹو: آئرلینڈ کرکٹ ٹوئٹر

ٹی20 ورلڈ کپ کے سپر 12 راؤنڈ میں بڑا اَپ سیٹ ہوا ہے اور آئرلینڈ نے ایونٹ کے لیے فیورٹ تصور کی جانے والی انگلینڈ کی ٹیم کو شکست دے دی جبکہ نیوزی لینڈ اور افغانستان کے درمیان شیڈول گروپ کا دوسرا بارش کے باعث ممکن نہیں ہوا۔

میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے سپر 12مرحلے کے 8ویں میچ میں انگلینڈ نے آئرلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا لیکن بارش کی وجہ سے میچ تاخیر کا شکار ہوا۔

آئرلینڈ نے اننگز کا آغاز کیا تو دو اوورز بعد ہی بارش نے پھر مداخلت کردی جس کے باعث اننگز کچھ دیر تاخیر کا شکار ہوئی۔

اننگز کا دورہ آغاز ہوا تو پال اسٹرلنگ 14 رنز بنانے کے بعد مارک وُڈ کی وکٹ بن گئے۔

اس مرحلے پر کپتان اینڈی بلبرائن کا ساتھ دینے لورکان ٹکر آئے اور دونوں نے دوسری وکٹ کے لیے 85 رنز کی ساجھے داری قائم کی، اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب لورکان 34 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوئے جبکہ اسکور میں بغیر کسی اضافے نئے بلے باز ہیری ٹیکٹر بھی چل دیے۔

کپتان اینڈی بلبرائن نے 47 گیندوں پر 62 رنز کی اننگز کھیلی لیکن لیونگسٹن نے انہیں چلتا کرنے کے ساتھ ساتھ اگلی ہی گیند پر جیارج ڈوکریل کی اننگز کا بھی خاتمہ کردیا۔

اس کے بعد آئرلینڈ کی ٹیم سنبھل نہ سکی اور وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتی رہی اور پوری ٹیم 157 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

انگلینڈ کی جانب سے لیونگسٹن اور وُڈ نے تین، تین جبکہ سیم کرن نے دو وکٹیں اپنے نام کیں۔

انگلینڈ نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو انہیں ابتدا ہی یکے بعد دیگرے دو دھچکے لگے اور جوش لٹل نے انگلینڈ کے دونوں اوپنرز کو 14 رنز پر چلتا کردیا۔

آئرش باؤلرز کی نپی تلی باؤلنگ کے سبب انگلینڈ کے بلے باز کھل کر بیٹنگ نہ کر سکے اور ابھی اسکور 29 تک ہی پہنچا تھا کہ بین اسٹوکس بھی صرف 6 رنز بنا کر چلتے بنے۔

اس مرحلے پر ڈیوڈ ملان کا ساتھ دینے ہیری بروک آئے اور دونوں نے مل کر اسکور کو 67 تک پہنچایا، اس مرحلے پر بروک کی 18 رنز کی اننگز اختتام کو پہنچی۔

نئے بلے باز معین علی نے وکٹ پر آتے ہی جارحانہ انداز اپنایا لیکن دوسرے اینڈ سے ملان مستقل جدوجہد کرتے رہے اور بالآخر 37 گیندوں پر 35 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئے۔

معین نے 12 گیندوں پر ایک چھکے اور تین چوکوں کی مدد سے 24 رنز بنائے ہی تھے کہ بارش نے ایک مرتبہ پھر میچ میں مداخلت کردی اور تیز بارش کی وجہ سے میچ دوبارہ شروع نہ ہو سکا۔

جب میچ رکا تو انگلینڈ نے 14.3 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 105 رنز بنائے تھے لیکن ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت ان کا اسکور 110 ہونا چاہیے۔

اس طرح آئرلینڈ نے میچ میں پانچ رنز سے کامیابی حاصل کر کے ایونٹ کا بڑا اپ سیٹ بھی کردیا۔

آئرلینڈ کے کپتان اینڈی بلبرائن کو شاندار نصف سنچری پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

انگلینڈ: جوز بٹلر (کپتان)، ایلکس ہیلز، دیوڈ ملان، بین اسٹوکس، ہیری بروک، معین علی، لیام لیونگ اسٹون، کرس ووکس، مارک ووڈ اور عادل رشید۔

آئرلینڈ: اینڈی بلبرائن (کپتان)، پال اسٹرلنگ، لورکن ٹکر، ہیری ٹیکٹر، کرٹس کیمفر، جارج ڈوکریل، گیرتھ ڈیلانی، مارک ایڈیر، فیون ہینڈ بیری میکارتھی اور جوش لٹل۔

آج گروپ ون کی 4 ٹیمیں مدمقابل ہیں، پہلے میچ انگلینڈ کا مقابلہ آئرلینڈ سے ہوا جب کہ دوسرے میچ میں افغانستان کی ٹیم نیوزی لینڈ کا سامنا کرے گی۔

میگا ایونٹ کے اپنے پہلے میچ میں انگلینڈ نے افغانستان کو ہرایا تھا جبکہ آئرلینڈ کو سری لنکا کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔

نیوزی لینڈ اور افغانستان کا میچ بارش کی نذر

گروپ ون کے دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ اور افغانستان کے درمیان یڈول میچ بارش سے مکمل طور پر متاثر ہوا اور دونوں ٹیموں کو ایک،ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔

پوائنٹس ٹیبل پر نیوزی لینڈ 3 پوائنٹس کے ساتھ گروپ میں سرفہرست ہے جبکہ افغانستان دو میچوں میں بغیر کسی جیت کے صرف ایک پوائنٹ کے ساتھ آخری نمبر پر موجود ہے۔

اس سے قبل گروپ ٹو میں زمبابوے اور جنوبی افریقہ کے درمیان میچ بھی بارش کے باعث مکمل نہیں ہوسکا تھا اور دونوں ٹیموں کو ایک،ایک پوائنٹ مل گیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں