ٹی 20 ورلڈ کپ: بنگلہ دیش کی دلچسپ مقابلے کے بعد زمبابوے کو 3 رنز سے شکست

اپ ڈیٹ 30 اکتوبر 2022
برسبین میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا —فوٹو: کرک انفو ٹوئٹر
برسبین میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا —فوٹو: کرک انفو ٹوئٹر

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے کے اہم میچ میں بنگلہ دیش نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد زمبابوے کو 3 رنز سے شکست دے دی۔

سپر 12 مرحلے کے اہم میچ میں بنگلہ دیش نے زمبابوے کو جیت کے لیے 151 رنز کا ہدف دیا تھا۔

جواب میں زمبابوے کی ٹیم 20 اوورز میں 147 رنز ہی بناسکی، یوں اسے 3 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

زمبابوے کی جانب سے مڈل آرڈر بلے باز شان ولیمز 64 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے جب کہ ریان برل 27 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے تسکین احمد نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، مصدق حسین اور مستفیض الرحمٰن نے 2، 2 بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

زبردست کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھنے والے بنگلہ دیشی باؤلر تسکین احمد کو مسلسل دوسرے میچ میں پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

قبل ازیں برسبین میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر زمبابوے کے خلاف بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی 20 ورلڈکپ: زمبابوے نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو شکست دے دی

بنگلہ دیش کی جانب سے اوپنر نجم الحسین شانتو 55 گیندوں پر 71 بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔

ان کے علاوہ سومیا سرکار صفر، لٹن داس 14، کپتان شکیب الحسن 23، عفیف حسین 29، مصدق حسین 7 رنز بناکر پویلین لوٹے۔

زمبابوے کی جانب سے رچرڈ شپ اور موزاربانی نے 2،2 جب کہ سکندر رضا اور شان ولیمز ایک، ایک بنگلہ دیشی کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس طرح بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بنائے اور زمبابوے کو جیت کے لیے 151 رنز کا ہدف دیا۔

واضح رہے کہ آج ٹی 20 ورلڈ کپ میں 2 اور میچز بھی کھیلے جائیں گے، پاکستان کا مقابلہ نیدرلینڈز سے ہوگا جب کہ بھارت اور جنوبی افریقہ آمنے سامنے ہوں گے۔

پاکستان کو سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے کے لیے نیدرلینڈز کو شکست دینا لازمی ہے، دو روز قبل کھیلے گئے میچ میں زمبابوے نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو ایک رن سے شکست دی تھی، ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان کی یہ مسلسل دوسری شکست تھی اور وہ تاحال کوئی پوائنٹ حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے، تاہم پوائنٹس ٹیبل پر بہتر رن ریٹ کی بدولت نیدرلینڈز سے ایک نمبر آگے ہے۔

یاد رہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں پاکستان کو بھارت نے انتہائی سنسی خیز مقابلے کے بعد آخری گیند پر شکست دی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں