پاکستان نے نیدر لینڈز کو شکست دے کر ٹی 20 ورلڈ کپ میں پہلی فتح حاصل کرلی

اپ ڈیٹ 30 اکتوبر 2022
— فوٹو: کرک انفو ٹوئٹر
— فوٹو: کرک انفو ٹوئٹر
بابر اعظم 4 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے —فوٹو: کرک انفو ٹوئٹر
بابر اعظم 4 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے —فوٹو: کرک انفو ٹوئٹر
— فوٹو: کرک انفو ٹوئٹر
— فوٹو: کرک انفو ٹوئٹر
— فوٹو: کرک انفو ٹوئٹر
— فوٹو: کرک انفو ٹوئٹر
پاکستان کے کپتان بابر اعظم ہیں — فوٹو: آئی سی سی ٹوٹئر
پاکستان کے کپتان بابر اعظم ہیں — فوٹو: آئی سی سی ٹوٹئر

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے کے انتہائی اہم میچ میں پاکستان نے نیدرلینڈز کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر میگا ایونٹ میں پہلی فتح حاصل کرلی۔

نیدر لینڈز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو جیت کے لیے 92 رنز کا ہدف دیا، پاکستان نے 14ویں اوور کی پانچویں گیند پر 4 وکٹوں کے نقصان پر 37 گیندیں قبل ہی ہدف حاصل کرلیا۔

پاکستان کی جانب سے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان 49 بنا کر نمایاں رہے، اس دوران انہوں نے ٹی 20 انٹرنیشنل کی اپنی 65ویں اننگز میں 2500 رنز بھی مکمل کیے۔

ان کے علاوہ فخر زمان نے 20 اور شان مسعود نے 12 رنز بنائے جب کہ کپتان بابر اعظم 4 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے۔

شاندار باؤلنگ کارکردگی پر آل راؤنڈر شاداب خان کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

نیدرلینڈز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو جیت کے لیے 92 رنز کا ہدف دیا تھا، پاکستانی باؤلرز کی شاندار گیند بازی کی بدولت نیدر لینڈز کی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں 91 رنز ہی بناسکی۔

نیدرلینڈز کی ٹیم ابتدا سے ہی مشکلات کا شکار نظر آئی، ڈچ ٹیم کی جانب سے کولن ایکرمین 27 رنز بنا کر نمایاں رہے جب کہ کپتان اسکاٹ ایڈورڈز نے 15 رنز بنائے، اس کے علاوہ کوئی بھی بلے باز دہرے ہندسے میں داخل نہ ہوسکا۔

پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے 4 اوورز میں 22 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، محمد وسیم جونیئر نے بھی نپی تلی باؤلنگ کی اور 3 اوورز میں 15 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔

شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف نے ایک ایک وکٹ لی۔

میچ کے دوران ایک موقع پر حارث رؤف کی گیند نیدرلینڈز کے بلے باز ڈی لیڈ کے ہیلمٹ پر لگی اور ان کی آنکھ کے نیچے سے خون بہنے لگا جس کے بعد وہ ریٹائرڈ ہرٹ ہو کر گراؤنڈ سے باہر چلے گئے۔

اہم میچ میں نیدرلینڈز نے ٹاس جیت کر پاکستان کے خلاف بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

پاکستان کے پلیئنگ الیون میں ایک تبدیلی کی گئی تھی، مڈل آرڈر بلے باز حیدر علی کی جگہ جارح مزاج بیٹر فخر زمان کو شامل کیا گیا تھا۔

پاکستان کے کپتان بابر اعظم اور فخر زمان کے علاوہ ٹیم میں شامل دیگر کھلاڑیوں میں محمد رضوان ، شان مسعود، افتخار احمد، شاداب خان، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور نسیم شاہ تھے۔

نیدرلینڈز کی قیادت اسکاٹ ایڈورڈز کر رہے تھے، دیگر کھلاڑیوں میں میکس او ڈوڈ، اسٹیفن مائبرگ، باس ڈی لیڈے، ٹام کوپر، کولن ایکرمین، رولوف وین ڈیر مروے، ٹم پرنگل، فریڈ کلاسن، پال وین میکرین اور برینڈن گلوور شامل تھے۔

واضح رہے کہ آج ٹی 20 ورلڈ کپ میں سپر 12 مرحلے میں 3 میچز شیڈول ہیں جہاں دوسرے میچ میں پاکستان اور نیدرلینڈ مد مقابل تھے، جب کہ تیسرے میچ بھارت اور جنوبی افریقہ آمنے سامنے ہوں گے۔

اس سے قبل کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے سنسنی خیز میچ کے بعد زمبابوے کو 3 رنز سے شکست دی تھی۔

پاکستان کو سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے کے لیے نیدرلینڈز کو شکست دینا لازمی تھا، دو روز قبل کھیلے گئے میچ میں زمبابوے نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو ایک رن سے شکست دی تھی، ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان کی یہ مسلسل دوسری شکست تھی اور وہ تاحال کوئی پوائنٹ حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے، تاہم پوائنٹس ٹیبل پر بہتر رن ریٹ کی بدولت نیدرلینڈز سے ایک نمبر آگے ہے۔

یاد رہے کہ ٹی 20 ورلڈکپ کے پہلے میچ میں پاکستان کو بھارت نے انتہائی سنسی خیز مقابلے کے بعد آخری گیند پر 4 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں