وزیر اعظم شہباز شریف نے سردار ایاز صادق کو وزارت قانون و انصاف کا اضافی قلمدان سونپ دیا۔

کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے رولز آف بزنس 1973 کے رول 3 (4) کے تحت سردار ایاز صادق کو وزارت قانون و انصاف کا وزیر مقرر کردیا۔

جاری نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ سردار ایاز صادق فوری طور پر اپنے عہدے کا چارج سنبھالیں گے، سردار ایاز صادق اقتصادی امور کے بھی وزیر ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اپنے عہدے سے مستعفی

واضح رہے گزشتہ ہفتے جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے اجلاس کے چند گھنٹوں بعد ہی رات گئے سامنے آنے والی پیش رفت میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے اپنی وزارت سے استعفیٰ دے دیا تھا، انہوں نے کہا تھا کہ ذاتی وجوہات کی بنا پر میں بطور وفاقی وزیر اپنی ذمہ داریاں جاری نہیں رکھ سکتا۔

اس استعفے کی خبروں کے دوران کچھ ٹی وی چینلز کی رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ اعظم نذیر تارڑ نے لاہور میں عاصمہ جہانگیر کانفرنس میں ’اسٹیبلشمنٹ مخالف نعروں‘ کا حوالہ دیتے ہوئے استعفیٰ دے دیا۔

مزید پڑھیں: پی ڈی ایم میں اختلاف کی ایک وجہ اعظم نذیر تارڑ کی نامزدگی تھی

وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کے حوالے سے یہ بھی کہا جارہا تھا کہ وہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کے ساتھ ساتھ کچھ 'جونیئر ججز' کے حق میں اپنا ووٹ ڈالنے کے لیے بھی شدید دباؤ میں تھے جنہیں سپریم کورٹ میں ترقی دی جارہی تھی۔

اعظم نذیر تارڑ، عاصمہ جہانگیر کانفرنس کے مہمان خصوصی تھے جہاں کچھ شرکا نے اپنی تقریر کے دوران اسٹیبلشمنٹ کے خلاف نعرے لگائے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں