عمران خان پر حملہ: وزیراعظم سمیت سیاسی رہنماؤں کا اظہار مذمت

اپ ڈیٹ 04 نومبر 2022
سیاسی شخصات اور حکومتی سربراہان کی عمران خان پر حملہ کی شدید مذمت —فائل فوٹو
سیاسی شخصات اور حکومتی سربراہان کی عمران خان پر حملہ کی شدید مذمت —فائل فوٹو

وزیر اعظم شہباز شریف، وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف سمیت حکومت اتحاد میں شامل رہنماؤں نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کی اور وزیراعظم نے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی۔

وزیر اعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ گوجرانوالہ، اللہ والا چوک میں فائرنگ کے واقعے کی فوری رپورٹ طلب کرتے ہوئے واقعے کی مذمت کی۔

وزیراعظم نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کو آئی جی پولیس اور چیف سیکریٹری پنجاب سے فوری رپورٹ طلب کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے پی ٹی آئی سربراہ عمران خان پر حملہ کی مذمت کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ہے۔

’نواز شریف کا عمران خان پر فائرنگ پر اظہار مذمت‘

مسلم لیگ(ن) کے قائد نواز شریف نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پر فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کی۔

انہوں نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ میں عمران خان اور ان کے ساتھیوں پر فائرنگ کی مذمت کرتا ہوں اور زخمیوں کی صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں۔

عمران خان پر فائرنگ کی مذمت کرتی ہوں، مریم نواز

پاکستان مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر مریم نواز نے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ پر فائرنگ کی مذمت کردی.

ٹوئٹر پر جاری بیان میں مریم نواز نے کہا کہ عمران خان پر فائرنگ کی مذمت کرتی ہوں اور ان سمیت تمام زخمیوں کی صحت کے لیے اللّہ تعالی سے دعاگو ہوں۔

وزیر داخلہ نے چیف سیکرٹری پنجاب اور آئی جی پنجاب سے فوری رپورٹ طلب کرلی ہے، مریم اورنگزیب

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب مریم اورنگزیب نے عمران خان پرفائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کو چیف سیکریٹری پنجاب اور آئی جی پنجاب سے فوری رپورٹ طلب کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیر اعظم نے کہا ہے کہ اس حوالے سے حکومت پنجاب کو وفاقی حکومت کی جس قسم کی بھی معاونت کی ضرورت ہو وہ مہیا کی جائے۔

مزید پڑھیں: خوشخبری ہے، عمران خان نے خود 10 ماہ بعد الیکشن کا اعلان کردیا، مریم اورنگزیب

وزیر اطلاعات نے کہا کہ لانگ مارچ اس وقت گجرات میں حکومت پنجاب اور پنجاب کی حدود میں موجود تھا، لہٰذا پنجاب پولیس، انتظامیہ اور انٹیلی جنس ادارے اس پر اپنے حقائق اور رپورٹ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کو بھی چاہیے کہ وہ اس واقعے کی رپورٹ طلب کریں اور اپنی حکومت سے متعلق حقائق بتائیں جبکہ حملہ آور اس وقت گجرات میں پکڑا گیا ہے جس نے عمران خان کو گولی مارنے کا اعتراف کیا ہے اور اس کی وجوہات بھی بتائی ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ جائے وقوع پر موجود کنٹینر کو پنجاب پولیس کی طرف سے سیل نہیں کیا جا رہا مگر پنجاب پولیس کو چاہیے کہ فوری طور پر اس جگہ کو سیل کریں کیونکہ اسی کرائیم سین سے ہی اصل تحقیقات کا آغاز ہونا ہے اور فرانزک رپورٹس بھی ہوں گی۔

یہ بھی پڑھیں: حقیقی آزادی والے سوچ لیں، عمران خان نے تسلیم کیا بیک ڈور مذاکرات کر رہا ہوں، مریم اورنگزیب

انہوں نے کہا کہ آج کے واقعے سے سبق سیکھتے ہوئے اس پر سیاست مت کریں، اپنے الفاظ کا چناؤ ذمہ داری سے کریں کیونکہ غیر ذمہ دارانہ بیانات کے اثرات عوام کو بھگتنا پڑتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ میں میڈیا سے بھی درخواست کرتی ہوں کہ جب تک حکومت پنجاب، پنجاب پولیس اور انتظامیا حقائق پر مبنی تفصیلی رپورٹ جاری نہیں کرتے تب تک غیر ذمہ دارانہ بیانات سے پرہیز کیا جائے۔

مزید پڑھیں: عمران خان آڈیوز کے حوالے سے عدالت جانے کے بجائے جے آئی ٹی میں پیش ہوں، مریم اورنگزیب

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا سیاسی میدان خونی میدان نہیں بننا چاہیے اور اس میدان کو ہمیں اپنے رویوں اور ذمہ داری سے ٹھیک کرنا ہے اور مزید کہا کہ پنجاب پولیس کو چاہیے کہ واقعے کے حقائق فوری طور پر عوام تک پہنچائیں۔

عمران خان پر بزدلانہ حملے پر اظہار مذمت کرتی ہوں، محبوبہ مفتی

مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے فائرنگ سے عمران خان کے زخمی ہونے کے واقعے پر اظہار مذمت کیا ہے۔

عمران خان پر حملہ انتہائی قابل مذمت ہے، سراج الحق

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان پر حملے کو انتہائی قابل مذمت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ گولی اور گالی کی سیاست مسترد کرتے ہیں۔

’شکر ہے عمران نیازی محفوظ ہیں‘، احسن اقبال کا اظہار مذمت

مسلم لیگ(ن) کے رہنما احسن اقبال نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ کی مذمت کی ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں احسن اقبال نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ عمران نیازی محفوظ ہیں، سیاست میں تشدد کی کوئی گنجائش نہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں عمران نیازی کے کنٹینر پر وزیر آباد میں فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کرتا ہوں اور حکومت پنجاب کو تجویز دی کہ انہیں سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینا چاہیے۔

حملے کی لاہور ہائی کورٹ کی نگرانی میں تحقیقات کی جائے، ایاز لطیف پلیجو

قومی عوامی تحریک کے صدر ایاز لطیف پلیجو نے عمران خان پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کے عوام اور قومی عوامی تحریک سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی قیادت میں لانگ مارچ پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہیں۔

ٹوئٹر پر جاری بیان میں ایاز لطیف پلیجو نے کہا کہ پنجاب اور وفاقی حکومت اس حملے کی لاہور ہائی کورٹ کی نگرانی میں تحقیقات کریں۔

قوم پرست رہنما سید زین شاہ کی عمران خان پر حملے کی مذمت

سندھ یونائیٹڈ پارٹی (ایس یو پی) کے صدر سید زین شاہ نے عمران خان پر حملے کی مذمت کی ہے۔

ٹوئٹر پر جاری کردہ بیان میں قوم پرست رہنما سید زین شاہ نے کہا ہے کہ خالص سیاسی اجتماعات اور جلوسوں کے راستے میں اس قسم کی رکاوٹیں نہ صرف سیاسی ماحول کے پرامن رہنے کے لیے نقصان دہ ہوں گی بلکہ اس سے ان تنظیموں کی حوصلہ افزائی بھی ہو گی جو پرتشدد انتہا پسندی کی حمایت کرتی ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں