کراچی کے علاقے گڈاپ ٹاؤن کی حدود میں واقع بحریہ ٹاؤن میں تیز رفتار کار گہری کھائی میں گر گئی جس کی نتیجے میں 2 خواتین سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔

پولیس اور ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ اتوار کی رات ایک خاندان بحریہ ٹاؤن سے پکنک سے واپس جا رہا تھا کہ ان کی کار ایک گہری کھائی میں گرگئی جس کے نتیجے میں دو خواتین سمیت 5 افراد جاں بحق اور ایک لڑکی زخمی ہوگئی۔

مزید پڑھیں: کراچی آنے والی 2 بسیں حادثے کا شکار، 28 مسافر جاں بحق

ایس ایچ او گڈاپ ذوالفقار آرائیں نے کہا کہ ملیرہالٹ کے رہائشی ایک خاندان کے 6 افراد بحریہ ٹاؤن میں پکنک پر گئے تھے اور مزید بتایا کہ بحریہ ٹاؤن میں خندق بنی ہوئی ہے، جس کی گہرائی 10 فٹ بتائی جا رہی ہے جہاں ڈانسنگ فاؤنٹین کے قریب سڑک کے کنارے کچھ لائنیں بچھانے کے باعث اس میں پانی جمع ہو گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسا لگتا ہے کہ کار چلانے والا ڈرائیور سڑک کی بندش کے حوالے سے لکھی انتباہ نہیں پڑھ سکا اور یوں تیز رفتار گاڑی کھائی میں گر گئی۔

انہوں نے کہا کہ کار مٹی میں پھنس گئی تھی جو کچھ فاصلہ طے کرنے کے بعد کھائی میں گر گئی۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: نوری آباد کے قریب کار اور ٹرالر میں تصادم، 4 افراد ہلاک

ایس ایچ او نے کہا کہ پولیس اور بحریہ ٹاؤن انتظامیہ نے بھاری مشینری کی مدد سے گاڑی کھائی سے باہر نکالی اور 6 افراد کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں 5 افراد کو مردہ قرار دیا گیا،

انہوں نے کہا کہ ایک لڑکی زخمی ہوگئی تھی، جن کا علاج جاری رہے۔

پولیس افسر نے کہا کہ ابھی تک کسی نے واقعے کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے کوئی رابطہ نہیں کیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی فیملی نے بحریہ ٹاؤن میں گھر خریدا ہوا تھا، جس کو دیکھنے کے لیے گئے تھے کہ ان کے ساتھ حادثہ پیش آیا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: سی ویو کے قریب کار کی ٹکر سے 2 موٹرسائیکل سوار جاں بحق

ایدھی فاؤنڈیشن کے ترجمان نے بتایا کہ جاں بحق تمام افراد ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے تھے، جن کی شناخت 45 سالہ احمر شریف، ان کی اہلیہ 40 سالہ صائمہ احمر، 14 سالہ بیٹا حماد احمر، احمر شریف کے 14 سالہ بھائی عبداللہ شریف اور ایک رشتہ دار فہمیدہ نعیم کے ناموں سے ہوئی ہے جبکہ احمر شریف کی 21 سالہ بیٹی عبیا زخمی ہوگئیں۔

بعدازاں، جاں بحق ہونے والے تمام افراد کو ملیر میں ان کے گھرمنتقل کیا گیا جہاں ان کی تدفین ہوگی۔

تبصرے (0) بند ہیں