شان شاہد کی نام لیے بغیر ہمایوں سعید پر تنقید

16 نومبر 2022
ہمایوں سعید نے بھی اداکار کو کرارا جواب دیا—فائل فوٹو: انسٹاگرام
ہمایوں سعید نے بھی اداکار کو کرارا جواب دیا—فائل فوٹو: انسٹاگرام

ماضی کی مقبول ہیرو شان شاہد نے اپنی آنے والی ایکشن ہارر فلم ’ضرار‘ کی تشہیر کے دوران ایک انٹرویو میں نام لیے بغیر ہمایوں سعید کو خاص موضوع پر فلمیں بنانے پر تنقید کا نشانہ بنایا، جس پر ہمایوں سعید نے بھی انہیں جواب دے دیا۔

شان شاہد نے ایک یوٹیوبر کو دیے گئے مختصر انٹرویو میں بتایا کہ پاکستانی فلم سازوں نے سائنس فکشن اور ہارر سمیت کئی اہم موضوعات پر تاحال فلمیں نہیں بنائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی پر بھی فلمیں نہیں بنائی جا رہیں اور ضرورت اس بات کی ہے کہ پاکستانی فلم ساز اہم موضوعات کی طرف بھی توجہ دیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر فلم ساز ’اِدھر نہیں جاؤں گی اور اُدھر نہیں جاؤں گی‘ سے نکلیں گے تو دوسرے موضوعات کی طرف بھی آئیں گے۔

شان شاہد نے انٹرویو کے دوران کسی اداکار یا فلم ساز کا نام نہیں لیا، تاہم بعد ازاں ہمایوں سعید نے انہیں جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ ’اِدھر بھی جائیں گے اور اُدھر بھی جائیں گے‘۔

ہمایوں سعید نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے شان شاہد کو اپنی ٹوئٹ میں مینشن بھی کیا اور لکھا کہ وہ ان کی آنے والی فلم ’ضرار‘ بھی دیکھنے جائیں گے۔

ساتھ ہی ہمایوں سعید نے اپنی ٹوئٹ میں مداحوں کو بتایا کہ شان شاہد کی فلم ’ضرار‘ رواں ماہ 25 نومبر کو ریلیز ہونے جا رہی ہے۔

ہمایوں سعید کی جانب سے جواب دیے جانے کے بعد شان شاہد نے بھی جوابی ٹوئٹ کرتے ہوئے وضاحت کی کہ ان کے کہنے کا مقصد تھا کہ پروڈیوسرز صرف خاص موضوعات یعنی رومانس اور کامیڈی کے علاوہ بھی دیگر اہم موضوعات پر فلمیں بنائیں۔

شان شاہد کے مطابق ان کے کہنے کا مطلب تھا کہ پروڈیوسرز اور اداکاروں کو ہر موضوع پر فلمیں بنانی چاہیے۔

ساتھ ہی انہوں نے ہمایوں سعید کے آنے والے منصوبوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

شان شاہد نے اپنی ٹوئٹ میں میڈیا کو اپنے انٹرویو کو متنازع بنانے پر داد بھی دی۔

خیال رہے کہ ہمایوں سعید ’پنجاب نہیں جاؤں گی اور لندن نہیں جاؤں گا‘ نامی رومانٹک کامیڈی فلموں میں کام کر چکے ہیں اور ان کی دونوں فلموں نے اچھی کمائی کی تھی۔

شان شاہد کی فلم ’ضرار‘ کو رواں ماہ 25 نومبر کو سینماؤں میں پیش کیا جائے گا۔

اداکار نے رواں برس جون میں فلم کا ٹریلر جاری کرتے ہوئے اسے رواں برس ریلیز کرنے کا عندیہ دیا تھا۔

’ضرار‘ کو ابتدائی طور پر 2020 میں ریلیز کیا جانا تھا مگر اس وقت کورونا کی وبا آنے کے باعث فلم کی شوٹنگ ملتوی کردی گئی تھی، جس کے بعد خیال ظاہر کیا جا رہا تھا کہ اسے 2021 میں ریلیز کردیا جائے گا۔

سال 2021 میں فلم کی ٹیم نے ’ضرار‘ کا ٹیزر جاری کرتے ہوئے اسے اسی سال ریلیز کرنے کا عندیہ بھی دیا تھا مگر کورونا کی وبا سمیت ملک میں سینما بند ہونے کی وجہ سے اسے ریلیز نہ کیا جا سکا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں