قطر میں جاری فٹ بال ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے میں ایک اور اپ سیٹ ہوگیا جہاں مراکش نے 24 سال بعد ورلڈکپ میں پہلی کامیابی حاصل کرتے ہوئے مضبوط بیلجیم کی ٹیم کو 0-2 سے شکست دے دی۔

الثمامہ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ ایف کے میچ میں مراکش کی جانب سے پہلا گول متبادل کھلاڑی عبدالحامد صابری نے 73 ویں منٹ میں اور دوسرا گول ذکریا نے میچ کے اختتامی مراحل میں اسکور کیا۔

فیفا ورلڈکپ نے اسے ایسا لمحہ قرار دیا جسے مراکش کبھی نہیں بھول سکے گا۔

دونوں ٹیموں نے پہلے ہاف میں گول کرنے کی کوششیں کیں لیکن کامیابی نہ مل سکی، تاہم دوسرے ہاف میں مراکش کی جانب سے بہتر کھیل پیش کیا گیا۔

پہلا گول متبادل کھلاڑی عبدالحامد صابری نے 73 ویں منٹ میں کیا، بیلجیم کی تجربہ کار ٹیم خسارہ ختم کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہی۔

میچ کے اختتامی مراحل میں ذکریا نے دوسرا گول کرکے مراکش کی ٹیم کو 0-2 کی برتری دلا دی اور بیلجیم کو اپ سیٹ شکست سے دوچار کیا۔

اس کے ساتھ ہی مراکش نے گروپ ایف میں 2 میچ کھیل کر 4 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن حاصل کرلی، کروشیا کی ٹیم نے بھی 2 میچ کے بعد 4 پوائنٹس حاصل کررکھے ہیں اور گروپ میں دوسرے نمبر پر براجمان ہے۔

جبکہ بیلجیم اور کینیڈا بھی 2،2 میچ کھیل کر بالترتیب 3 اور 0 پوائنٹس ساتھ تیسرے اور چوتھے نمبر پر موجود ہے۔

مراکش کے دارالحکومت رباط میں میچ جیتنے کے بعد لوگ سڑکوں پر خوشیاں منا رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
مراکش کے دارالحکومت رباط میں میچ جیتنے کے بعد لوگ سڑکوں پر خوشیاں منا رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی

خیال رہے کہ 23 نومبر کو جاپان نے 4 مرتبہ عالمی چمپیئن رہنے والی مضبوط جرمنی کی ٹیم کو ایک اچھے مقابلے کے بعد 1-2 سے اپ سیٹ شکست دی تھی۔

اس سے قبل 22 نومبر کو سعودی عرب نے میسی جیسے مشہور کھلاڑی کی موجودگی میں ارجنٹینا کی مضبوط ٹیم کو شکست دے کر ٹورنامنٹ کا پہلا اپ سیٹ کردیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں