فٹبال ورلڈ کپ: ایران نے ویلز کو شکست دے دی، میزبان قطر مسلسل دوسرے میچ میں ناکام

اپ ڈیٹ 26 نومبر 2022
ایران نے اضافی وقت میں دو گول کیے—فوٹو: ٹوئٹر
ایران نے اضافی وقت میں دو گول کیے—فوٹو: ٹوئٹر

فٹ بال ورلڈ کپ میں ایران نے ویلز اور سینیگال نے میزبان قطر کو باآسانی شکست دے دی۔

قطر میں جاری فٹ بال ورلڈ کپ میں آج پہلا میچ احمد بن علی اسٹیڈیم میں ایران اور ویلز کے درمیان کھیلا گیا جہاں گیراتھ بیل جیسے مشہور کھلاڑی اپنی ٹیم کو فتح دلانے میں ناکام ہوئے۔

ایران کی ٹیم نے اختتامی لمحات میں ویلز کو حیران کرتے ہوئے مسلسل دو گول کیے اور ٹورنامنٹ میں پہلی فتح سمیٹ لی۔

گول کرنے کی کوششوں کے دوران 83 ویں منٹ میں ایران کے کھلاڑی اور ویلز کے گول کیپر کے درمیان ٹکر ہوئی، جس کے نتیجے میں ویلز کے گول کیپر کو ریڈ کارڈ دکھا کر میدان بدر کردیا گیا۔

ویلز کے گول کیپر رواں ورلڈ کپ میں ریڈ کارڈ کی پاداش میں میدان بدر ہونے والے پہلے کھلاڑی ہیں۔

دونوں ٹیموں نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن مقررہ وقت تک گول نہیں تاہم ایران نے اضافی ٹائم میں گول کیے تاہم میچ کا فیصلہ اضافی وقت میں ہوا۔

ایران کی جانب سے روزبہ چشمی اور رامین رضائین نے شان دار گول کیے اور ویلز کو ناکام لوٹنا پڑا۔

ایران نے دو گول کے ساتھ ہی میچ 0-2 سے جیت لیا۔

گروپ ڈی میں دونوں ٹیمیں اب تک دو،دو میچز کھیل چکی ہیں جبکہ دیگر دو ٹیمیں انگلینڈ اور امریکا نے اب تک صرف ایک،ایک میچ کھیلا ہے۔

انگلینڈ نے ایک میچ میں کامیابی کے ساتھ 3 پوائنٹس حاصل کرکے پہلے، ایران دو میچوں میں ایک میں کامیابی کے ساتھ دوسرے، امریکا اور ویلز کے ایک،ایک پوائنٹ ہیں تاہم امریکا ٹیبل پر تیسرے نمبر پر ہے۔

دوسرا میچ گروپ اے کی ٹیموں میزبان قطر اور سینیگال کے درمیان ہوا جہاں سینیگال نے اپنی برتری ثابت کردی۔

میزبان ٹیم دوسرے میچ میں بھی اپنے مداحوں کو خوشی دینے میں ناکام نظر آئی جہاں ان کے ہوم گراؤنڈ میں تماشائیوں کی بڑی تعداد ان کی حوصلہ افزائی کے لیے موجود رہی۔

قطر کو ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں ایکواڈو سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

الثمامہ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سینیگال کے بولائے دیا نے 41 ویں منٹ میں پہلا گول کیا اور ٹیم کو برتری دلائی۔

فارمارا ڈائیدھیو نے 48 ویں منٹ میں گول کرکے برتری دوگنا کردی جبکہ قطر کی ٹیم بھی گول کے لیے مسلسل کوششیں کرتی رہی لیکن کامیابی حاصل نہیں ہوئی۔

قطر کو 78 ویں منٹ میں محمد منطاری نے 78 ویں منٹ میں گول کیا جو ان کی طرف سے واحد گول تھا تاہم انہوں نے سینیگال کی برتری عارضی طور پر کم ضرور کی۔

بعد ازاں بامبا ڈئینگ نے 84 ویں منٹ میں سینیگال کے لیے گول کیا جو مجموعی طور پر تیسرا گول تھا۔

میزبان ٹیم کو مقررہ وقت تک صرف ایک گول کرنے پر 1-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

قطر اور سینیگال کے میچ کے بعد گروپ اے کی پوائنٹس ٹیبل پر میزبان ٹیم دو میچ کھیل کر بغیر کسی پوائنٹ کے آخری نمبر پر موجود تھی جبکہ دیگر تینوں ٹیمیں ایک،ایک میچ جیت کر 3 پوائنٹس حاصل کرچکی تھیں تاہم دوسرے میچ کے بعد ٹیبل میں تبدیلی آئی۔

تیسرا میچ خلیفہ انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں گروپ اے کی ٹیموں نیدرلینڈز اور ایکواڈور کے درمیان کھیلا گیا جہاں ایک اچھا مقابلے دیکھنے کو ملا۔

دونوں ٹیموں نے پہلے میچ میں کامیابی سمیٹی تھی اور پوائنٹس ٹیبل پر برتری کے لیے بھرپور کوششیں کیں لیکن کسی کو کامیابی نہیں ملی تاہم ایک،ایک پوائنٹ مل گیا۔

نیدرلینڈز کی ٹیم نے برق رفتار آغاز کرتے ہوئے چھٹے منٹ میں گول کیا تھا اور رواں ورلڈ کپ میں کم وقت میں ہونے والا پہلا گول تھا۔

کوڈی گیکپو نے گول کرکے نیدرلینڈز کو برتری دلائی تھی۔

ایکواڈور کے اینر ویلنشیا نے 49 ویں منٹ میں گول کرکے مقابلہ برابر کردیا جو آخر تک برابر رہا۔

گروپ اے کی پوائنٹس ٹیبل پر نیدرلینڈز اور ایکواڈور 4،4 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب پہلے اور دوسرے نمبر پر ہیں، سینیگال 3 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے اور میزبان قطر بغیر کسی پوائنٹ کے چوتھے اور آخری نمبر پر موجود ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں