ایڈمنسٹریٹر کراچی ایم کیو ایم سے مشاورت کے بعد ہی تعینات کیا جائے گا، سعید غنی

اپ ڈیٹ 06 دسمبر 2022
سعید غنی نے کہا کہ بلدیاتی ایکٹ میں ترامیم کے بعد میئر  بااختیار  ہوگا—فائل فوٹو: عرب نیوز
سعید غنی نے کہا کہ بلدیاتی ایکٹ میں ترامیم کے بعد میئر بااختیار ہوگا—فائل فوٹو: عرب نیوز

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سندھ کے صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ کراچی کا اگلا ایڈمنسٹریٹر متحدہ قومی مومنٹ (پاکستان) سے مشاورت کے بعد ہی تعینات کیا جائے گا۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق سندھ لیبر کے وزیر سعید غنی کا کہنا ہے کہ تمام سیاسی اسٹیک ہولڈرز کے خدشات کی بنیاد پر صوبائی لوکل گورنمنٹ کے قانون میں ترمیم اس بات کو یقینی بنائے گی کہ صوبے کے منتخب میئر اور میونسپل ایجنسیوں کے چیئرمین کو اپنے علاقے کے شہری معاملات سنبھالنے کے لیے اختیارات حاصل ہوں گے۔

سعید غنی نے ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن کے جمشید زون کے میونسپل اسٹاف کو فیومیگیشن گاڑیاں اور ہیلتھ کارڈ کی تقسیم کی تقریب پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’مرتضی وہاب کی جگہ سندھ کا نیا ایڈمنسٹریٹر منتخب کرنے کے لیے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان سے یقینی طور پر مشاورت کی جائے گی ۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ معاملات بہت آگے جا چکے ہیں اور پاکستان پیپلزپارٹی نے اس حقیقت کے برعکس دیگر سیاسی جماعتوں کو موقع دیا کہ ہمیں صوبائی حکومت کے لیے کسی کی حمایت کی ضرورت نہیں لیکن بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں ہم لوگوں کے درمیان تفریق پیدا نہیں کرتے بلکہ انہیں قریب لانے پر یقین رکھتے ہیں۔

سعید غنی نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ قانون میں ترمیم کے بعد منتخب بلدیاتی نمائندے سندھ حکومت کی مدد کے بغیر عوام کی خدمت کرسکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے اگلے میئر یا ایڈمنسٹریٹر کا عہدہ جس کے پاس بھی ہوگا اسے شہر کے لوگوں کے لیے کام کرنا ہے۔

سعید غنی نے کہا کہ ملک میں اگلے عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کو عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑےگا۔

انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ عمران خان پاکستان کی سیاسی تاریخ کا حصہ بن چکے ہیں تاہم اگر انہوں نے ملک کے مسائل پر سنجیدگی ظاہر کی تو حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات ہوسکتے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں