کراچی کیلئے بجلی 2 روپے 45 پیسے سستی کرنے کی منظوری

اپ ڈیٹ 14 دسمبر 2022
کے-الیکٹرک نے ایک روپے 88  پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست کی تھی — فوٹو: کے ای فیس بک
کے-الیکٹرک نے ایک روپے 88 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست کی تھی — فوٹو: کے ای فیس بک

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کراچی کے صارفین کے لیے اکتوبر کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 2 روپے 45 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی منظوری دے دی۔

نیپرا کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں بتایا گیا ہے کہ کے-الیکڑک کی اکتوبر کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی ایک روپے 88 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی درخواست پر سماعت کی تھی۔

نوٹی فکیشن میں مزید بتایا گیا کہ نیپرا کا کے-الیکٹرک کے اکتوبرکے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ (ایف سی اے) کی مد میں 2 روپے 45 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری دی۔

نوٹی فکیشن میں بتایا گیا تھا کہ کے-الیکٹرک نے ایک روپے 88 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست کی تھی۔

نیپرا کا مزید کہنا تھا کہ اتھارٹی نے 30 نومبر 2022 کو ایف سی اے پر عوامی سماعت کی تھی۔

مزید بتایا گیا کہ اس کا اطلاق صرف ایک ماہ کے لیے ہوگا، اس کا فائدہ دسمبر کے بجلی کے بلوں میں دیا جائے گا۔

نیپرا کی جانب سے مزید کہا گیا کہ لائف لائن صارفین، 300 یونٹس تک گھریلوصارفین، زرعی صارفین اور الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز پر اس کا اطلاق نہیں ہوگا۔

یاد رہے کہ 18 نومبر کو ڈان کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ کے-الیکٹرک نے ماہانہ فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 9 روپے 71 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی 2 الگ الگ درخواستیں دائر کی تھیں۔

کے-الیکٹرک کی جانب سے جولائی تاستمبر کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 7 روپے 83 پیسے کم کرنے کی درخواست دائر کی گئی ہے جب کہ اکتوبر کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ میں ایک روپے 88 پیسے کمی کی درخواست کی گئی ہے۔

مزید بتایا گیا تھا کہ قیمتوں میں کمی سے صارفین کو ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 3 ارب 15 کروڑ70 لاکھ روپے کا ریلیف ملے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں