شنیرا اکرم روڈ سیفٹی کو نظر انداز کرنے پر فیروز خان پر برہم
سابق پاکستانی کرکٹر وسیم اکرم کی اہلیہ اور سماجی کارکن شنیرا اکرم نے روڈ سیفٹی کو نظر انداز کرنے پر اداکار فیروز خان پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ’بچے کھلونے نہیں ہوتے‘۔
شنیرا اکرم نے اداکار کی ایک مختصر ویڈیو پر اپنا رد عمل دیتے ہوئے فیروز خان کو روڈ سیفٹی کو نظر انداز کرنے پر آڑے ہاتھوں لیا اور انہیں بتایا کہ ان کی جانب سے کم سن بیٹی کو گود میں لے کر گاڑی چلانا کتنا خطرناک ہے۔
فیروز خان کی جانب سے اپنی ایک سال سے بھی کم عمر بیٹی کو گود میں لے کر گاڑی چلانے کی مختصر ویڈیو ایک روز قبل اداکار کی بہن حمیمہ ملک نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں شیئر کی تھی۔
مذکورہ ویڈیو پر شنیرا اکرم نے رد عمل دیتے ہوئے فیروز خان کی جانب سے بچی کو گود میں لے کر گاڑی چلانے کو روڈ سیفٹی قوانین اور اصولوں کے خلاف قرار دیا۔
شنیرا اکرم نے اپنی متعدد انسٹاگرام اسٹوریز میں فیروز خان کے عمل کو بے وقوفانہ عمل قرار دیا اور لکھا کہ ان کی چھوٹی سے غلطی ان کی بچی کی زندگی کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔
شنیرا اکرم کے مطابق اگرچہ بچے نا سمجھ ہوتے ہیں، انہیں غلط چیزوں کا علم نہیں ہوتا مگر ان کے والدین ہر بات کو سمجھتے ہیں، پھر والدین اپنے ہی بچوں کو گاڑی چلاتے وقت گود میں لے کر کیوں بیٹھتے ہیں؟
انہوں نے فیروز خان کو شہزادہ لکھ کر کہا کہ ان کی جانب سے بچی کو گود میں لے کر گاڑی چلانا خطرناک عمل ہے، جس سے ان کے بچے کی زندگی کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔
شنیرا اکرم نے لکھا کہ فرض کریں کہ اگر کوئی 30 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی گاڑی کا آپ کی کار سے ٹکر ہوجائے تو بھی آپ کی بچی آپ کی گود سے نکل کر گاڑی کے فرنٹ پر آجائے گی اور انہیں شدید چوٹیں لگیں گی۔
انہوں نے لکھا کہ اگر ایسے کسی حادثے کی صورت میں فیروز خان کی کمسن بیٹی بچ بھی جاتی ہیں تو بھی انہیں سر پر شدید چوٹ لگے گی اور وہ زندگی بھر اس تکلیف کے ساتھ جیتی رہیں گی۔
سماجی کارکن نے لکھا کہ فیروز خان ایک مشہور شخصیت ہیں اور ان کی جانب سے ایسا کرنا ان کے مداحوں کے لیے خطرناک ہے، وہ انہیں ایسا عمل کرتا دیکھ کر خود بھی ایسا ہی کریں گے۔
شنیرا اکرم نے لکھا کہ ان کی جانب سے فیروز خان پر تنقید کرنے کا کوئی جواز نہیں ہے لیکن وہ ایسی خطرناک بات کو نظر انداز نہیں کر سکتیں، اس لیے وہ والدین کو پیغام دینا چاہتی ہیں کہ وہ اپنے بچوں کو گود میں لے کر گاڑی نہ چلایا کریں، وہ بچوں کو پچھلی سیٹ پر بٹھا کر انہیں بیلٹ باندھ دیا کریں۔
فیروز خان سے قبل جولائی 2021 میں شنیرا اکرم نے منال خان اور احسن محسن اکرام کو بھی روڈ سیفٹی کو نظر انداز کرنے پر جھاڑ پلادی تھی۔
جولائی 2021 میں احسن محسن نے منال خان کے ساتھ ایک ویڈیو شیئر کی تھی، جس میں احسن محسن ڈرائیونگ کرتے دکھائی دیے جب کہ منال خان ان کے ساتھ فرنٹ سیٹ پر بیٹھ کر گانے گنگناتی دکھائی دیں اور احسن محسن بھی ڈرائیونگ کے ساتھ ساتھ اداکارہ سے بھی گفتگو کرتے دکھائی دیے تھے۔