فرنچ فٹ بال فیڈریشن (ایف ایف ایف) نے کہا ہے کہ ارجنٹینا کے ہاتھوں فٹ بال ورلڈکپ کے فائنل میں شکست کے بعد متعدد فرانسیسی کھلاڑیوں کو سوشل میڈیا پر نسل پرستانہ اور نفرت انگیز تبصرے کرکے نشانہ بنایا گیا، جن کے خلاف قانونی شکایت درج کرائی جائے گی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق پنالٹی شوٹ آؤٹ میں گول نہ کرنے والے کنگسلے کومان اور اورلین چاؤمینی کو نشانہ بنایا گیا جبکہ گزشتہ برس یورو 2020 کے فائنل میں اٹلی سے ہارنے کے بعد انگلینڈ کے تین کھلاڑیوں کو بھی بدسلوکی والے پیغامات موصول ہوئے تھے۔

فرانس فٹ بال کے سربراہ نے ان کھلاڑیوں کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کی ہے کیونکہ سوشل میڈیا پر کھلاڑیوں کو نسلی تعصب پر مبنی تبصروں کے ذریعے اُس وقت نشانہ بنایا گیا تھا، جب فرانس کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد پنالٹی شوٹ آؤٹ پر شکست ہوئی تھی۔

فرانس کی ٹیم کوزیادہ تر عوام کی جانب سے سراہا گیا اور تقریباً 50 ہزار لوگوں نے قطر سے واپس آنے کے بعد پلیس ڈی لا کانکورڈ میں کھلاڑیوں کا استقبال کیا تھا۔

فرنچ فٹ بال ٹیم نے ٹوئٹ کیا کہ ورلڈ کپ فائنل کے اختتام پر فرانسیسی ٹیم کے کئی کھلاڑیوں کو سوشل میڈیا پر نسل پرستانہ اور ناقابل قبول نفرت انگیز ریمارکس کے ساتھ نشانہ بنایا گیا۔

مزید بتایا گیا کہ ایف ایف ایف ان افراد کی مذمت کرتا ہے اور ان کے خلاف شکایت درج کرائے گا، فرانسیسی کھلاڑی کومان کو دوسرے ہاف میں کوچ دیس چیمپس نے متعارف کروایا تھا، ان کا دفاع ان کے کلب سے پہلے ہی کیا جارہا ہے۔

ایف سی بائرن نے ٹوئٹ کرتے ہوئے نسل پرستی پر مبنی تبصروں کی شدید مذمت کی ہے، جس میں کنگسلے کومان کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

ٹوئٹ میں مزید کہا گیا کہ ایف سی بائرن فیملی آپ کے پیچھے ہے، نسل پرستی کی کھیل اور معاشرے میں کوئی جگہ نہیں ہے۔

رپورٹ کے مطابق سیاست دانوں نے بھی فوری طور پر بدسلوکی کے حوالے سے رپورٹ سپر اظہار مذمت کیا، حزب اختلاف کی سوشلسٹ پارٹی نے فرنچ فٹ بال فیڈریشن (ایف ایف ایف) پر زور دیا ہے کہ وہ اس حوالے سے شکایت درج کرائیں۔

وزیر برائے مساوات ایزابیل روم نے کہا کہ یہ ناقابل قبول ہے، میں ان تبصروں کی شدید مذمت کرتی ہوں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ فرانس کی ٹیم کو نشانہ بنانے کا یہ عمل پہلی بار سامنے نہیں آیا۔

ورلڈکپ فائنل میں ہیٹرک کرنے والے کائلیان ایمباپے کو اس وقت نشانہ بنایا گیا تھا ، جب وہ یورو 2020 میں سوئٹرزلینڈ کے خلاف شوٹ آؤٹ پر گول نہیں کرسکے تھے۔

خیال رہے کہ قطر میں کھیلے گئے فٹ بال ورلڈ کپ 2022 کے فائنل میں ارجنٹینا نے فرانس کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد پنالٹی شوٹ پر شکست دے دی تھی اور تیسری بار عالمی چیمپئن بن گیا۔

اضافی وقت میں بھی مقابلہ 3-3 گول سے برابر رہا تھا، میچ کا فیصلہ پنالٹی شوٹ پر ہوا، فرانس صرف 2 گول کرپایا جبکہ ارجنٹینا نے 4 گول کیے، یوں پنالٹی شوٹ میں میسی کی ٹیم نے مقابلہ 2-4 سے جیتا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں