شادی خوبصورت تعلق ہے مگر اسے مکمل زندگی سمجھنا درست نہیں، سجل علی

24 دسمبر 2022
اداکارہ جلد ہی جمائمہ خان کی فلم میں دکھائی دیں گی—فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ جلد ہی جمائمہ خان کی فلم میں دکھائی دیں گی—فوٹو: انسٹاگرام

جلد ہی پہلی عالمی فلم ’واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اٹ‘ میں پاکستانی لڑکی کا کردار ادا کرنے والی سجل علی نے کہا ہے کہ شادی بہت ہی خوبصورت اور پیارا رشتہ ہے لیکن زندگی صرف شادی تک محدود نہیں ہوتی اور اسے مکمل زندگی سمجھنا بھی درست نہیں۔

’واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اٹ‘ کی کہانی جمائمہ خان نے لکھی ہے جب کہ اس کی ہدایات بولی وڈ فلم ساز شیکھر کپور نے دی ہیں اور اس میں سجل علی کے علاہ شبانہ اعظمی اور دیگر پاکستان و بھارتی اداکار بھی دکھائی دیں گے۔

فلم کی شوٹنگ برطانیہ میں کی گئی تھی اور اس کی کہانی برطانوی لڑکے کی پاکستانی لڑکی سے شادی اور اس کے بعد پیدا ہونے والے مسائل کے گرد گھومتی ہے

فلم کو آئندہ ماہ جنوری میں ریلیز کیے جانے کا امکان ہے، تاہم اسے اب تک مختلف عالمی فلم فیسٹیولز میں پیش کیا جا چکا ہے۔

’واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اٹ‘ کی پروموشن کے دوران سجل علی نے حال ہی میں بھارتی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے فلم سمیت شادی اور زندگی سے متعلق اپنے خیالات کا بھی کھل کر اظہار کیا۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اٹ‘ پہلی ایسی انٹرنیشنل فلم ہے، جس میں پاکستانیوں کو کسی طرح کے منفی کردار میں نہیں دکھایا جائے گا، اس سے قبل پاکستانیوں کو دہشت گرد کرداروں میں بھی دکھایا جاتا رہا ہے۔

سجل علی کے مطابق فلم میں ان کا کردار نہ صرف پاکستانی اور بھارتی بلکہ جنوبی ایشیائی ممالک کی دیگر لڑکیوں کی اصل زندگی سے ملتا جلتا ہے اور خطے کی ہر لڑکی کو ان کا کردار اپنا لگے گا۔

ان کے مطابق فلم میں جنوبی ایشیائی لڑکیوں کی شادی اور اس کے بعد پیدا ہونے والے مسائل کو بہتر انداز میں پیش کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ان کی فلم کا سب سے بہترین حصہ اختتام میں ہے، جب وہ اپنے شوہر سمیت اپنے گھر والوں کو بتاتیں ہیں کہ ہماری شادی مزید نہیں چل سکتی، اس لیے ہم بہتر انداز مین ایک دوسرے سے الگ ہوجاتے ہیں۔

سجل علی نے شادیوں کے ناکام ہونے پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ حقیقی زندگی میں بھی جب لڑکیوں کو لگے کہ ان کی شادی شدہ زندگی مشکلات کا شکار ہے تو لڑکیوں کو چاہئیے کہ وہ گھر والوں سمیت شوہر کو بتا دیں کہ اب وہ مزید رشتے میں نہیں رہ سکتے۔

انہوں نے واضح کیا کہ خراب تعلقات اور رشتے میں رہنے سے بہتر ہے کہ ایک اچھے دوست کی طرح راہیں جدا کرلی جائیں۔

سجل علی نے اسی حوالے سے مزید بات کرتے ہوئے شادی کو زندگی کا بہت ہی خوبصورت اور پیارا تعلق اور رشتہ بھی قرار دیا اور کہا کہ شادی شدہ ہونا زندگی کو خوبصورت بناتا ہے۔

تاہم ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ لیکن زندگی میں شادی کرنے کے علاوہ بھی بہت کچھ ہوتا ہے اور شادی کو ہی مکمل زندگی سمجھنا درست نہیں۔

سجل علی کے مطابق خواتین کو صرف شادی کرنے اور بچے پیدا کرنے تک نہیں سوچنا چاہئیے، انہیں علم ہونا چاہئیے کہ زندگی اس تعلق سے بھی بڑھ کر ہے اور شادی کے بغیر بھی زندگی چل سکتی ہے۔

اداکارہ نے خواتین کو تجویز دی کہ وہ یہ سوچیں کہ شادی اور بچے پیدا کرنے کے علاوہ بھی زندگی گزارنے کے کئی راستے ہیں اور انہیں آگے بڑھنے کے لیے خواب دیکھنے چاہئیے اور وہ شادی کے بغیر بھی کچھ کر سکتی ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ ایک سال سے سجل علی کی ازدواجی زندگی میڈیا میں موضوع کا بحث بنی ہوئی ہے، ان سے متعلق چہ مگوئیاں ہیں کہ انہوں نے اداکار احد رضا میر سے طلاق لے لی۔

سجل علی اور احد رضا میر نے مارچ 2020 میں شادی کی تھی اور 2021 کے اختتام تک دونوں میں ناراضگی اور علیحدگی کی خبریں سامنے آئی تھیں، تاہم دونوں نے ایسی خبروں پر تاحال کوئی وضاحت نہیں کی.

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں