مولانا طارق جمیل کو کینیڈا میں دل کا دورہ، بالکل ٹھیک ہیں، بیٹے کا بیان

27 دسمبر 2022
مولانا طارق جمیل کینیڈا میں موجود ہیں— فائل فوٹو: فیس بک
مولانا طارق جمیل کینیڈا میں موجود ہیں— فائل فوٹو: فیس بک

مولانا طارق جمیل کو کینیڈا میں دل کا دورہ پڑنے پر ہسپتال منتقل کیا جہاں پروسیجر کیا گیا اور ان کے بیٹے کے مطابق وہ بالکل ٹھیک ہیں۔

مولانا طارق جمیل کے بیٹے یوسف جمیل نے یوٹیوب چینل پر ویڈیو بیان میں کہا کہ ’پریشانی کی خبر تھی لیکن اب نہیں ہے تاہم سوشل میڈیا پر دیکھ رہے ہیں مولانا طارق جمیل کینیڈا میں موجود ہیں اور آج پاکستان کے دوپہر ایک بجے دل کی تکلیف ہوئی‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’سینے میں درد کی وجہ سے انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا اور ان کا پروسیجر عافیت سے مکمل ہوگیا اور اس وقت وہ بالکل ٹھیک ہیں لیکن ابھی تک ہسپتال میں ہیں‘۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں یوسف جمیل نے کہا کہ ’ بابا جان اس وقت کینیڈا میں ہیں اور ان کو دل کا دورہ پڑنے پر ہسپتال منتقل کیا گیا ہے’۔

انہوں نے کہا کہ ’اللہ کے فضل سے اب ان کی حالت بہت بہتر ہے، آپ سب احباب سے دعاؤں کی درخواست ہے، اللہ رب العزت والد محترم کو صحت کاملہ عطا فرمائے‘۔

ویڈیو پیغام میں مولانا طارق جمیل کے بیٹے نے دعاؤں کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ’گھر سے دور ہیں، ہم لوگ یہاں ہیں اور وہاں پر موجود ہیں جو تھوڑی پریشانی کا باعث ہے لیکن اللہ کا کرم ہے وہ ٹھیک ہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ ’میڈیا اور خاص طور پر سوشل میڈیا میں مختلف افواہیں پھیل جاتی ہیں اس لیے میں خود حاضر ہو کر عرض کیا اور سب لوگ سے دعاؤں کی درخواست ہے کہ اللہ ان کو مکمل صحت یاب فرمائیں اور عافیت کے ساتھ ان کی وطن واپسی ہو‘۔

مولانا طارق جمیل کو یکم جنوری 2019 کو بھی مبینہ طور پر عارضہ قلب میں مبتلا ہونے کے باعث ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا جہاں انجیوپلاسٹی کے بعد ان کی طبیعت بہتر ہوگئی تھی۔

ذرائع نے بتایا تھا کہ مولانا طارق جمیل کو دل میں درد کی شکایت ہوئی تھی جس کے باعث انہیں لاہور میں جوہر ٹاون کے نجی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی انجیوگرافی کی گئی تھی۔

مولانا طارق جمیل کے ترجمان طاہر رحیمی نے بتایا تھا کہ مولانا کو دل کی شریان بند ہونے کی وجہ سے ایک اسٹنٹ ڈالا گیا ہے۔

ترجمان نے تصدیق کی تھی کہ مولانا طارق جمیل کو دل میں درد ہوا تھا جس کے باعث انہیں ہسپتال لایا گیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں