خیبرپختونخوا: اورکزئی میں کوئلے کی کان میں دھماکا، 2 کان کن جاں بحق، ایک زخمی

01 جنوری 2023
واقعے کے بعد ریسکیو آپریشن کیا گیا — فائل فوٹو: اے ایف پی
واقعے کے بعد ریسکیو آپریشن کیا گیا — فائل فوٹو: اے ایف پی

صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع اورکزئی میں کوئلے کی کان میں دھماکے کے باعث 2 کان کن جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق واقعے کے بعد محکمہ مائنز کے حکام اور ضلع اورکزئی کے پولیس افسر جائے وقوع پہنچے، مقامی شہریوں نے انہیں بتایا کہ کان میں تین کان کن موجود تھے جب گیس بھر جانے کی وجہ سے دھماکا ہوا۔

واقعے کے بعد ریسکیو آپریشن کیا گیا جس کے بعد دو لاشیں نکالی گئیں جبکہ زخمی کارکن کو کنویئر بیلٹ کے ذریعے بچا لیا گیا۔

جاں بحق افراد کی شناخت محمد عالم اور محنت خان کے نام سے ہوئی جبکہ زخمی شخص کی شناخت سعید ولی کے نام سے ہوئی ہے، تمام افراد کا تعلق شانگلہ سے ہے۔

لاشوں کو مقامی گاؤں منتقل کیا گیا جبکہ زخمی شخص ہسپتال میں زیر علاج ہے۔

خیال رہے کہ 4 دسمبر 2022 کو بھی کان میں دھماکے کے باعث 9 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے تھے۔

مقامی حکام اعظم خان نے بتایا کہ ماضی میں اورکزئی میں کوئلے کی کان میں 30 دھماکے ہوئے جس کے نتیجے میں 80 کان کن جان کی بازی ہار گئے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں