نئے سال کے آغاز پر روس کے میزائل حملوں سے یوکرین لرز اٹھا

01 جنوری 2023
روس کی جانب سے حملوں کی زد میں یوکرین کے دیگر شہر بھی آئے—فوٹو : اے ایف پی
روس کی جانب سے حملوں کی زد میں یوکرین کے دیگر شہر بھی آئے—فوٹو : اے ایف پی

روس کی جانب سے 3 روز کے دوران دوسری بار میزائل حملوں کے نتیجے میں نئے سال کے موقع پر یوکرین دھماکوں سے لرز اٹھا۔

ڈان اخبار میں شائع خبررساں ایجنسیز کی رپورٹ کے مطابق کیف کے میئر وٹالی کلِٹسکو نے کہا کہ دارالحکومت میں سلسلہ وار دھماکوں میں کم از کم ایک شخص ہلاک اور 8 افراد زخمی ہوئے۔

خبررساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق نامہ نگاروں نے شہر میں 10 زور دار دھماکوں کی آوازیں سنیں۔

کیف کے میئر نے بتایا کہ دھماکوں میں زخمی ہونے والوں میں ایک جاپانی صحافی بھی شامل ہے جسے ہسپتال لے جایا گیا۔

شہر کی انتظامیہ کے مطابق کیف شہر کے مرکز کے جنوب میں واقع ایک ہوٹل کو نشانہ بنایا گیا جبکہ دوسرے ضلع میں ایک رہائشی عمارت کو نقصان پہنچا۔

یوکرین کے صدارتی دفتر کے ایک عہدیدار کیریلو تیموشینکو نے ٹیلی گرام پر لکھا کہ ’ہنگامی بنیادوں پر خدمات فراہم کرنے کے لیے جائے وقوعہ کی جانب مدد بھیجی جا رہی ہے‘، تاہم انہوں نے اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

کیف کے عسکری گورنر اولیکسی کولیبا نے ممکنہ میزائل حملے سے پہلے ہی خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ علاقے میں فضائی دفاعی نظام کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔

’پیوٹن حکومت کے مکمل خاتمے تک لڑنا ضروری ہے‘

روس کی جانب سے حملوں کی زد میں یوکرین کے دیگر شہر بھی آئے، میکولائیو کے جنوبی علاقے میں مقامی گورنر وٹالی کِم نے ٹیلی ویژن پر بتایا کہ حملے میں 6 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

ٹیلی گرام پر ایک علیحدہ پوسٹ میں وٹالی کم نے کہا کہ ’روس نے حملوں کے ذریعے شہریوں کو نشانہ بنایا‘، تاہم روس کی جانب سے ان دعووں کی تردید کی گئی تھی۔

عہدیدار نے جنوبی صنعتی پاور ہاؤس شہر زپورزہزیا میں بھی حملوں کی اطلاع دی جس کی تصدیق کرتے ہوئے کیریلو تیموشینکو نے بتایا کہ حملے کے نتیجے میں رہائشی عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔

یوکرین کی وزارت دفاع نے ٹیلی گرام پر لکھا کہ ’شہری انفرااسٹرکچر پر ہر نئے میزائل حملے کے ساتھ زیادہ سے زیادہ یوکرینی شہریوں کا یہ مؤقف مضبوط ہوتا جا رہا ہے کہ پیوٹن حکومت کے مکمل خاتمے تک لڑنے کی ضرورت ہے‘۔

یوکرین کا 12 روسی میزائل مار گرانے کا دعویٰ

خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق یوکرین کی فوج نے کہا کہ یوکرین کے فضائی دفاع نے گزشتہ روز سہ پہر روس کی جانب سے داغے گئے 20 میں سے 12 میزائلوں کو مار گرایا۔

یوکرین کے کمانڈر انچیف جنرل ویلری زلوزنی نے سوشل میڈیا پر کہا کہ روس نے 20 سے زیادہ کروز میزائل داغے تھے، ہمارے فضائی دفاع نے 12 کروز میزائلوں کو تباہ کر دیا’۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں