• KHI: Fajr 5:22am Sunrise 6:39am
  • LHR: Fajr 4:56am Sunrise 6:19am
  • ISB: Fajr 5:03am Sunrise 6:27am
  • KHI: Fajr 5:22am Sunrise 6:39am
  • LHR: Fajr 4:56am Sunrise 6:19am
  • ISB: Fajr 5:03am Sunrise 6:27am

سیلاب، وبائی امراض کیلئے ’ارلی وارننگ سسٹم‘ سے اقدامات میں مدد ملے گی، وزیراعلیٰ پنجاب

شائع January 1, 2023
وزیر اعلیٰ نے کہا 55 ہزار  سے زائد مکانات کی تعمیر کا کام مکمل اور جزوی تباہ مکانات کی مرمت جاری  ہے—وٹو:ڈان نیوز
وزیر اعلیٰ نے کہا 55 ہزار سے زائد مکانات کی تعمیر کا کام مکمل اور جزوی تباہ مکانات کی مرمت جاری ہے—وٹو:ڈان نیوز

وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت مہلک وبائی مرض کورونا کی ساتویں لہر سے بچاؤ کے لیے اقدامات کر رہی ہے اور صوبے میں 3 مقامات پر بیماریوں، سیلاب اور دیگر قدتی آفات کے متعلقہ محکموں کو پیشگی آگاہ کرنے کا نظام بھی وضع کر رہی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے وزیراعلیٰ آفس میں چوہدری پرویز الہیٰ سے ملاقات کی، اس دوران گفتگو کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ ارلی وارننگ سسٹم کی تنصیب سے متعلقہ محکموں کو لوگوں، مویشیوں، کھیتوں اور دیگر املاک کو نقصان اور تباہی سے بچانے کے سلسلے میں بروقت اقدامات کرنے میں مدد ملے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ صوبے میں سیلاب سے متاثر ہونے والے افراد کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے، پنجاب حکومت نے اپنے وسائل سے متاثرین میں امداد تقسیم کی اور وہ عطیات تقسیم کیے جو سابق وزیراعظم عمران خان نے ٹیلی تھون کے ذریعے جمع کیے تھے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ سیلاب سے متاثرہ افراد میں 5 ارب روپے سے زائد رقم تقسیم کی جا رہی ہے اور 36 ہزار متاثرہ خاندانوں کو ادائیگیاں کی جا چکی ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب متاثرہ خاندانوں کو گھر بنانے کے لیے بھی مالی امداد فراہم کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 55 ہزار سے زائد مکانات کی تعمیر کا کام مکمل ہوچکا اور جزوی طور پر تباہ مکانات کی مرمت جاری ہے۔

اس موقع پر چیئرمین این ڈی ایم اے نے قدرتی آفت کے دوران پنجاب حکومت اور ریسکیو 1122 سروس کے فلڈ ریلیف اینڈ ریسکیو پلان کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے کسی بھی قدرتی آفت کے واقع ہونے سے 30 سے 40 روز قبل ہی اس کی پیش گوئی کرنا ممکن ہے۔

انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے ایسی تباہ کن قدرتی آفات ایک مستقل مسئلہ بن سکتی ہیں اور ہمیں اس کے مہلک اور خوفناک اثرات سے مؤثر طریقے سے نمٹنے اور محفوظ رہنے کے لیے خود کو تیار کرنا ہو گا۔

پنجاب احساس پروگرام کی سربراہ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے ویڈیو لنک کے ذریعے اس میٹنگ میں شرکت کی اور سیلاب متاثرین کی بحالی اور امدادی پروگرام کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر، سربراہ پی ڈی ایم اے اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

دوسری جانب، وزیراعلیٰ پنجاب نے رکن قومی اسمبلی سردار محمد جعفر خان لغاری کے انتقال پر گہرے رنج، دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

انہوں نے مرحوم ایم این اے کی سماجی و سیاسی خدمات کو سراہا اور ان کے ایصال ثواب کے لیے دعا کی۔

کارٹون

کارٹون : 31 اکتوبر 2024
کارٹون : 30 اکتوبر 2024