خانیوال میں فائرنگ سے محکمہ انسداد دہشتگردی کے دو افسران جاں بحق

اپ ڈیٹ 03 جنوری 2023
واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کرلی—فائل فوٹو
واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کرلی—فائل فوٹو

پنجاب کے علاقے خانیوال میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے دو افسران کو قتل کردیا۔

خانیوال پولیس ترجمان کے مطابق سی ٹی ڈی کے ڈپٹی ڈائریکٹر نوید سیال اور انسپکٹر ناصر عباص خانیوال میں قومی شاہراہ پر ایک ہوٹل میں موجود تھے کہ موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کر دی۔

واقعے کے فوری بعد ایڈیشنل آئی جی صاحبزادہ شہزاد سلطان جائے وقوع پر پہنچ گئے۔

ایڈیشنل آئی جی صاحبزادہ شہزاد سلطان نے کہا کہ ذمہ داروں کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا، جس کے لیے پولیس قانونی پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے اقدامات کر رہی ہے اور معاملے کی بیخ کنی کر کے حقائق سامنے لائے جائیں گے۔

بعدازاں واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کرلی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق چوہدری پرویز الہٰی نے ہدایت کی ہے کہ فائرنگ کے ذمہ دار عناصر کو جلد قانون کی گرفت میں لایاجائے۔

چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ تمام ضروری وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور ملوث ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ شہید ہونے والے افسروں ڈپٹی ڈائریکٹر نوید سیال اور انسپکٹر ناصر عباس کی قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں اور پنجاب حکومت کی تمام تر ہمدردیاں شہدا کے خاندانوں کے ساتھ ہیں۔

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا کہ ’خانیوال میں سی ٹی ڈی افسران پرفائرنگ کا واقعہ افسوس ناک ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ آئی جی پنجاب اور چیف سیکریٹری سے افسران کی ہلاکت کی رپورٹ طلب کی ہے’۔

وفاقی وزیر داخلہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ’پنجاب میں امن و امان کی صورت حال باعث تشویش ہے، حکومت ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے فوری پیش بندی کرے‘۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں