بھارتی شخص نے ’میرا دل یہ پکارے آجا‘ فیم گرل سے فرضی نکاح کرلیا

اپ ڈیٹ 04 جنوری 2023
فیضان انصاری کے فرضی نکاح کی ویڈیوز وائرل ہوگئیں—اسکرین شاٹ
فیضان انصاری کے فرضی نکاح کی ویڈیوز وائرل ہوگئیں—اسکرین شاٹ

بھارت کی ریاست مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی سے تعلق رکھنے والے مسلمان شہری فیضان انصاری نے دلہن کے بغیر پاکستانی لڑکی سے فرضی نکاح کرلیا۔

فیضان انصاری نے گزشتہ ماہ دسمبر میں کہا تھا کہ وہ ’میرا دل یہ پکارے آجا‘ گانے پر منفرد ڈانس کرکے وائرل ہونے والی ٹک ٹاکر پاکستانی لڑکی عائشہ مانو سے شادی کرنا چاہتے ہیں اور وہ اس ضمن میں پاکستان بھی آئیں گے۔

انہوں نے کہا تھا کہ انہوں نے عائشہ مانو کی ڈانس ویڈیو دیکھنے کے بعد انہیں اپنی دلہن تسلیم کرلیا ہے اور وہ ٹک ٹاکر سے نکاح کے لیے پاکستان آئیں گے۔

بعد ازاں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ پاکستانی سفارت خانے نے انہیں پاکستان کا ویزا دینے سے انکار کردیا اور اب انہوں نے بھارت میں ہی عائشہ مانو کی غیر موجودگی میں ہی ان سے فرضی نکاح کرلیا۔

شوبز ویب سائٹ ’کوئی موئی‘ کے مطابق فیضان انصاری نے سال کے اختتام پر 31 دسمبر کو فرضی نکاح کی رسم ادا کی۔

انہوں نے فرضی نکاح کے لیے ایک مولوی صاحب کی خدمات حاصل کیں اور اپنی طرف سے نکاح نامے پر دستخط کرکے عائشہ مانو کے لیے حق مہر کے طور پر 15 لاکھ بھارتی روپے کا چیک بنا کر اپنے پاس رکھ لیا۔

بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے فیضان انصاری نے بتایا کہ وہ پہلے ہی فیصلے کر چکے تھے کہ وہ صرف عائشہ مانو سے ہی شادی کریں گے، اس لیے انہوں نے ان سے فرضی نکاح کرلیا۔

اسی حوالے سے انہوں نے چار جنوری کو ’نیوز 18 اردو’ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی طرف سے نکاح کی تمام رسومات ادا کر چکے، اب نکاح کے لیے ان کا کوئی کردار باقی نہیں رہا، اب جو بھی کرنا ہے، وہ عائشہ مانو کو کرنا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے جب سے عائشہ مانو کی ڈانس پرفارمنس دیکھی ہے، وہ تب سے ان کے دیوانے ہیں اور انہوں نے اس وقت ہی فیصلہ کرلیا تھا کہ ان کی زندگی میں عائشہ کے علاوہ کسی اور کو نہیں آنا چاہیے۔

نیوز 18 اردو سے بات کرتے ہوئے فیضان انصاری نے دعویٰ کیا کہ عائشہ مانو ان سے رابطہ کر چکی ہیں اور ان سے تمام معلومات بھی حاصل کر چکی ہیں۔

فیضان انصاری کے مطابق عائشہ مانو انہیں بتا چکی ہیں کہ وہ انہیں بدنام نہ کریں، اس لیے ان کی بھی خواہش اور کوشش ہے کہ کوئی بھی ٹک ٹاکر کو بدنام نہ کرے۔

ایک سوال کے جواب میں فیضان انصاری نے بتایا کہ اگر عائشہ مانو بھارت کے بجائے کسی تیسرے ملک میں ان سے ملنا چاہیں گی تو بھی وہ وہاں جائیں گے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ عائشہ مانو سے شادی کے اعلان کے بعد پاکستان اور بھارت کی لڑکیوں نے میسیجز میں ان میں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ٹک ٹاکر عائشہ نے بھارتی شخص کے دعووں پر کوئی رد عمل نہیں دیا—اسکرین شاٹ
ٹک ٹاکر عائشہ نے بھارتی شخص کے دعووں پر کوئی رد عمل نہیں دیا—اسکرین شاٹ

خیال رہے کہ ٹک ٹاکر عائشہ عرف مانو نے اکتوبر 2022 کے آخر میں ایک شادی کی تقریب میں لتا منگیشکر کے پرانے گانے ’میرا دل یہ پکارے آجا‘ کے ریمکس پر منفرد انداز میں ڈانس کرکے جہاں شادی کی تقریب میں شامل مہمانوں کو محظوظ کیا، وہیں ان کی ویڈیو بھی دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی تھی۔

ان کی مذکورہ ویڈیو کو نہ صرف پاکستان بلکہ بیرون ممالک میں بھی سراہا گیا اور کئی ٹک ٹاکرز ان کی نقل اتارتی دکھائی دیں جب کہ ’میرا دل یہ پکارے آجا‘ پر لڑکے بھی ڈانس کرتے دکھائی دیے۔

ان کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد بولی وڈ کی کوئین ڈانسر مادھوری ڈکشٹ، کترینہ کیف، صبا فیصل، حمیمہ ملک اور دیگر شخصیات نے بھی ’میرا دل یہ پکارے آجا‘ پر ڈانس ویڈیوز بنا کر شیئر کی تھی، جنہیں لوگوں نے کافی سراہا تھا۔

ویڈیو سے شہرت حاصل کرنے کے بعد حال ہی میں عائشہ نے ماڈلنگ بھی شروع کردی تھی اور جلد ہی وہ ایک گانے میں جلوے بکھیرتی دکھائی دیں گی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں