آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات

اپ ڈیٹ 09 جنوری 2023
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان، آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے مصافحہ کر رہے ہیں — فوٹو: بشکریہ ایس پی اے
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان، آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے مصافحہ کر رہے ہیں — فوٹو: بشکریہ ایس پی اے

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیر اعظم محمد بن سلمان سے مدینہ منورہ میں ملاقات کی جس میں دونوں ملکوں کے دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آرمی چیف کا عہدہ سنبھالنے کے بعد جنرل عاصم منیر پہلی مرتبہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے ایک ہفتے کے طویل سرکاری دورے پر ہیں جس کا اختتام 10 جنوری کو ہوگا۔

سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان نے آج مدینہ منورہ کے علاقے ال اولا میں لگائے گئے موسم سرما کے کیمپ میں آرمی چیف کا استقبال کیا۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ دونوں نے دوطرفہ تعلقات اور اسے بہتر بنانے کے طریقوں سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز اور مشیر قومی سلامتی ڈاکٹر مسعد بن محمد الایبن کے ساتھ ساتھ سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر امیر خرم اور دیگر اعلیٰ عہدیدار بھی موجود تھے۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے گزشتہ ہفتے سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے ملاقات کی تھی جس میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

دونوں رہنماؤں نے عسکری اور دفاعی تعاون کے ساتھ ساتھ اسے بہتر بنانے کے طریقوں اور باہمی دلچسپی کے حامل امور کے علاوہ علاقائی اور عالمی مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

اس سے قبل پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ چیف آف آرمی اسٹاف، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات کریں گے جس میں باہمی دلچسپی کے امور، عسکری تعاون اور دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے خصوصی گفتگو کی جائے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں