میگا کاسٹ ڈرامے ’سر راہ‘ کا ٹیزر جاری

21 جنوری 2023
ڈرامے کو جلد نشر کیے جانے کا امکان ہے—پرومو فوٹو
ڈرامے کو جلد نشر کیے جانے کا امکان ہے—پرومو فوٹو

اداکار منیب بٹ کے خواجہ سرا کردار پر مبنی میگا کاسٹ ڈرامے ’سر راہ‘ کا ٹیزر جاری کردیا گیا، جس میں تمام مرکزی کرداروں کی جھلک دکھائی گئی ہے۔

’سر راہ‘ کو جلد ہی اے آر وائی ڈیجیٹل پر نشر کیا جائے گا، تاہم اسے ریلیز کرنے کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔

ڈرامے کے جاری کیے گئے مختصر ٹیزر میں سندھ کے دارالحکومت کراچی کے مناظر دکھائے گئے ہیں اور مرکزی اداکارہ صبا قمر کو امپریس مارکیٹ سمیت سندھ اسمبلی کے ارد گرد گھومتے دکھایا گیا ہے۔

ٹیزر سے ڈرامے کی کہانی سمجھنا مشکل ہے، تاہم عندیہ ملتا ہے کہ ڈرامے میں متعدد سماجی کہانیوں کو پیش کیا جائے گا۔

ٹیزر کی جھلکیوں سے محسوس ہوتا ہے کہ صبا قمر متوسط طبقے کی خودمختار اور نڈھر خاتون کے روپ میں دکھائی دیں گی جب کہ واضح طور پر منیب بٹ کو خواجہ سرا افسر کے روپ میں دکھایا گیا ہے۔

ٹیزر میں ڈرامے کے دیگر مرکزی کرداروں کی جھلکیاں بھی دکھائی گئی ہیں، جن میں اداکارہ حریم فاروق، سنیتا مارشل اور صبور علی بھی شامل ہیں۔

’سر راہ‘ کی کہانی عدیل رزاق نے لکھی ہے جب کہ احمد بھٹی نے اس کی ہدایات دی ہیں۔

مذکورہ ڈرامے کے حوالے سے ماضی میں منیب بٹ ڈان امیجز کو بتا چکے تھے مذکورہ ڈراما امریکی فلاحی تنظیم ’یو ایس ایڈ‘ کے تعاون سے بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا تھا کہ مذکورہ ڈرامے کی زیادہ سے زیادہ سات قسطیں ہوں گی اور اس کی کہانی نیٹ فلیکس یا دیگر اسٹریمنگ ویب سائٹ کی ویب سیریز کی طرح بولڈ اور منفرد ہوگی، جسے شائقین بہت پسند کریں گے۔

انہوں نے اپنے کردار سے متعلق بتایا تھا کہ وہ پہلی بار کسی ڈرامے میں خواجہ سرا کا کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے۔

منیب بٹ کا کہنا تھا کہ ڈرامے میں ان کا کردار پیدائشی طور پر مخنث ہوتا ہے جو خاندان کی مدد سے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے بعد سی ایس ایس کا اعلیٰ امتحان پاس کرکے اسسٹنٹ کمشنر (اے سی) تعینات ہوتا ہے۔

انہوں نے بتایا تھا کہ پہلی بار کسی ڈرامے میں مخںث شخص کو تعلیم حاصل کرکے اعلیٰ عہدے پر فائز ہوکر سماجی مسائل حل کرتے دکھایا جائے گا، ورنہ عام طور پر خواجہ سرا افراد کو جسم فروش، ڈانسر اور فقیر کے روپ مین دکھایا جاتا ہے۔

انہوں نے ڈرامے کی کہانی کو انتہائی منفرد اور بہترین قرار دیتے ہوئے اپنے کردار کو کیریئر کا مشکل ترین کردار قرار دیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں