• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:32pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:32pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm

’تیرے بن‘ ڈرامے کے گانے کے موسیقار پر بولی وڈ گانے کی کاپی کا الزام

شائع January 25, 2023
گانے کو یمنیٰ زیدی اور وہاج علی پر فلمایا گیا ہے—اسکرین شاٹ
گانے کو یمنیٰ زیدی اور وہاج علی پر فلمایا گیا ہے—اسکرین شاٹ

حال ہی میں جیو ٹی وی پر شروع ہونے والے معروف ڈرامے ’تیرے بن‘ کے ٹائٹل گانے پر بولی وڈ کی فلم ’شادی میں ضرور آنا‘ کے گانے پر کاپی کا الزام لگایا جارہا ہے۔

اگرچہ ’تیرے بن‘ کا ٹائٹل گانا ایک ماہ قبل ہی یوٹیوب پر جاری کیا گیا تھا، تاہم حال ہی میں ڈرامے کو ٹی وی پر نشر کیے جانے اور اس کی مقبولیت بڑھنے کے بعد شائقین نے گانے پر بھارتی گانے کی کاپی کا الزام لگایا۔

’تیرے بن‘ کے ٹائٹل گانے میں ڈرامے کے مرکزی کرداروں وہاج علی اور یمنیٰ زیدی کو ہی دکھایا گیا ہے اور گانے کی شاعری صابر ظفر نے لکھی ہے جب کہ اس کی موسیقی شانی ارشد نے ترتیب دی ہے۔

گانے میں آواز کا جادو بھی شانی ارشد نے ہی جگایا ہے، جو پہلے بھی کئی ڈراموں کے ٹائٹل سانگ گا چکے ہیں۔

’تیرے بن‘ ڈرامے کو نشر کیے جانے کے بعد جب مداحوں نے اس کے ٹائٹل گانے کو سنا تو انہیں بولی وڈ فلم ’شادی میں ضرور آنا‘ کا گانا ’میرا انتقام دیکھے گی‘ یاد آیا اور شائقین نے پاکستانی گانے پر بھارتی گانے کی کاپی کا الزام عائد کیا۔

’میرا انتقام دیکھے گی‘ میں کرشنا بیورا نے آواز کا جادو جگایا ہے جب کہ اس کی شاعری گوروو کرشنا بوسل نے لکھی ہے۔

بھارتی گانے کی موسیقی آنند راج آنند نے ترتیب دی تھی اور گانے کو کافی سراہا گیا تھا۔

حیران کن طور پاکستانی ڈرامے کے ٹائٹل گانے کی موسیقی کی دھن بھارتی گانے کی دھن سے کافی ملتی جلتی ہے اور دونوں گانوں میں دکھائے گئے مناظر بھی بے وفائی اور محبت کے ارد گرد گھومتے ہیں۔

اگرچہ فوری طور پر ’تیرے بن‘ ڈرامے کی مکمل کہانی کا علم نہیں ہوسکا، تاہم اس کے ٹائٹل گانے کو سن کر اور گانے کے مناظر کو دیکھ کر لگتا ہے کہ ڈرامے کی کہانی بھی بھارتی فلم ’شادی میں ضرور آنا‘ سے ملتی جلتی ہوگی۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

راج کمار راؤ کی 2017 کی فلم ’شادی میں ضرور آنا‘ کی کہانی ایک جوڑے کے گرد گھومتی ہے، تاہم فلم کی کہانی میں اس وقت نیا موڑ آتا ہے جب دلہن شادی کے وقت شادی کے دن وہاں سے بھاگ جاتی ہیں۔

’تیرے بن‘ کے ٹائٹل گانے میں بھی یمنیٰ زیدی کو وہاج علی سے شادی کے وقت وہاں سے بھاگتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

’تیرے بن‘ کی کہانی نوراں مخدوم نے لکھی ہے اور سراج الحق نے اس کی ہدایات دی ہیں، اس کی دیگر کاسٹ میں بشریٰ انصاری، سہیل سمیر، فرحان علی آغا، فضیلہ قاضی، حرا سومرو، سبین فاروق، محمود اسلم، حارث وحید، آغا مصطفی اور دیگر شامل ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 6 نومبر 2024
کارٹون : 5 نومبر 2024