سجل علی کی پہلی عالمی فلم ’واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اٹ‘ ریلیز

26 جنوری 2023
فلم پاکستان میں مارچ میں ریلیز ہوگی—اسکرین شاٹ
فلم پاکستان میں مارچ میں ریلیز ہوگی—اسکرین شاٹ

مقبول اداکارہ سجل علی کی پہلی عالمی فلم ’واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اٹ‘ کو آسٹریلیا سمیت دیگر ممالک میں ریلیز کردیا گیا، تاہم اسے پاکستان میں رواں برس مارچ تک ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔

خیال کیا جا رہا تھا کہ فلم کو پاکستان میں بھی جنوری کے آغاز میں ریلیز کردیا جائے گا مگر ایسا نہیں ہوا اور اسے مرحلہ وار مختلف ممالک میں پیش کیا جائے گا۔

’واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اٹ‘ کا پریمیئر 24 جنوری کو سڈنی میں ہوا اور اسے 26 جنوری کو آسٹریلیا بھر کی سینماؤں میں پیش کردیا گیا۔

’واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اٹ‘ کو سینماؤں میں پیش کیے جانے سے قبل مختلف فلم فیسٹیولز میں بھی دکھایا گیا اور اسے ستمبر 2022 میں ٹورنٹو فلم فیسٹیول میں بھی پیش کیا گیا تھا۔

فلم کی عالمی سطح پر ریلیز کے بعد اب اسے ترتیب وار پاکستان سمیت بھارت میں بھی ریلیز کیا جائے گا۔

پاکستان کے مختلف سینما گروپس نے ڈان امیجز کو بتایا کہ ’واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اٹ‘ کو ملک میں مارچ میں ریلیز کیا جائے گا۔

معروف سینما گروپ ایٹریم نے تصدیق کی کہ سجل علی کی پہلی عالمی فلم کو مارچ کے پہلے ہفتے ریلیز کیا جائے گا جب کہ دوسری سینماؤں کی انتظامیہ نے بھی تصدیق کی کہ فلم کو جلد ہی ریلیز کیا جائے گا۔

علاوہ ازیں چند دن قبل فلم کی پروڈیوسر جمائمہ خان نے ’جیو نیوز‘ سے بات کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی کہ تھی کہ ان کی فلم کو پاکستان سمیت بھارت میں بھی ریلیز کیا جائے گا۔

انہوں نے یہ نہیں بتایا تھا کہ فلم کو کب تک پاکستان اور بھارت میں ریلیز کیا جائے گا، تاہم تصدیق کی تھی کہ اسے دونوں ممالک میں پیش کیا جائے گا۔

’واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اٹ‘ کی خاص بات یہ ہے کہ اس کی ہدایات بولی وڈ فلم ساز شیکھر کپور نے دی ہیں اور اس میں شبانہ اعظمی سمیت دیگر بھارتی اداکار بھی دکھائی دیں گے۔

فلم کو جہاں جمائمہ خان نے پروڈیوس کیا ہے، وہیں انہوں نے اس کی کہانی بھی لکھی ہے۔

فلم کا ٹریلر گزشتہ برس ستمبر میں جاری کیا گیا تھا، جس میں جل علی کے کردار کی جھلک بھی دکھائی گئی تھی۔

ٹریلر میں سجل علی کو پاکستانی لڑکی کے طور پر دکھایا گیا تھا جب کہ شبانہ اعظمی کو ان کی والدہ کے روپ میں دکھایا گیا تھا۔

ٹریلر میں گلوکار راحت فتح علی خان کی جھلک بھی دکھائی گئی تھی جو کہ فلم میں شہزاد لطیف اور سجل علی کی شادی کی تقریب میں پرفارمنس کرتے دکھائی دیں گے۔

سجل علی فلم میں پاکستانی لڑکی کا کردار ادا کریں گی——فوٹو: انسٹاگرام
سجل علی فلم میں پاکستانی لڑکی کا کردار ادا کریں گی——فوٹو: انسٹاگرام

فلم کی کہانی برطانوی لڑکی ’زوئی‘ (للی جیمز) اور پاکستانی نژاد برطانوی لڑکے (شہزاد لطیف) کے گرد گھومتی ہے جو نہ صرف پڑوسی ہوتے ہیں بلکہ بچپن کے دوست بھی ہوتے ہیں۔

جاری کیے گئے ٹریلر سے معلوم ہوتا ہے کہ شہزاد لطیف کے والدین ان کی شادی کروانا چاہتے ہیں اور وہ ڈیٹنگ ایپس سمیت رشتے کرانے والے افراد کے پاس بھی ان کے رشتے لے جاتے ہیں مگر انہیں ناکام ملتی ہے، جس کے بعد وہ ان کی شادی پاکستانی لڑکی (سجل علی) سے طے کرتے ہیں۔

ٹریلر میں دکھایا گیا ہے کہ شہزاد لطیف کی شادی طے ہونے پر ان کی دوست زوئی بھی ان کے ہمراہ لندن سے لاہور آتی ہیں اور ان کی شادی کے تمام تقریبات اور مراحل کو شوٹ کرکے اس پر دستاویزی فلم بناتی ہیں، جس دوران انہیں ایسے سوالات کے جوابات بھی مل جاتے ہیں جن کی وہ کئی سال سے منتظر تھیں۔

یہ فلم سجل علی کی پہلی عالمی فلم ہوگی، اس سے قبل وہ پاکستانی فلموں میں کام کر چکی ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں