اداکارہ اتھیا شیٹی کو پونے ارب روپے کے تحائف نہیں ملے، اہل خانہ

27 جنوری 2023
اتھیا شیٹی اور کے ایل راہل نے 23 جنوری کو شادی کی تھی—فوٹو: انسٹاگرام
اتھیا شیٹی اور کے ایل راہل نے 23 جنوری کو شادی کی تھی—فوٹو: انسٹاگرام

چند دن قبل رشتہ ازدواج میں بندھنے والی ماضی کے مقبول بولی وڈ ایکشن ہیرو سنیل شیٹی کی بیٹی اداکارہ اتھیا شیٹی کے خاندان نے انہیں شادی کے موقع پر ملنے والے کروڑوں روپے تحائف کی خبر کو جھوٹا قرار دے دیا۔

اتھیا شیٹی اور کے ایل راہول نے رواں ہفتے 23 جنوری کو شادی کی تھی، دونوں کے درمیان گزشتہ تین سال سے تعلقات تھے۔

اتھیا شیٹی اب تک نصف درجن سے کم فلموں میں جلوے بکھیر چکی ہیں اور ان کی شادی پر معروف اور امیر شوبز و اسپورٹس شخصیات نے شرکت کی تھی۔

ایک روز قبل بھارتی میڈیا نے اپنی خبروں میں دعویٰ کیا تھا کہ اداکارہ اور کرکٹر کو شادی کے موقع پر شوبز و اسپورٹس شخصیات نے کروڑوں روپے کے قیمتی تحائف دیے۔

رپورٹس میں مختلف ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا تھا کہ اتھیا شیٹی کو شادی پر سب سے مہنگا ترین تحفہ ان کے والد سنیل شیٹی نے دیا، جس کی مالیت 50 کروڑ روپے تھے۔

رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ والد نے بیٹی کو پرتعیش فلیٹ تحفے میں دیا، اسی طرح بتایا گیا تھا کہ اداکارہ کو دوسرا مہنگا ترین تحفہ بولی وڈ دبنگ ہیرو سلمان خان کی جانب سے دیا گیا، جس کی مالیت ایک کروڑ 70 لاکھ روپے تک بتائی گئی تھی۔

رپورٹ کے مطابق سلمان خان نے اپنے دوست سنیل شیٹی کی بیٹی کو آڈی کار تحفے میں دی۔

اسی طرح بتایا گیا تھا کہ سینیئر اداکار جیکی شروف نے بھی اتھیا شیٹی کو 30 لاکھ روپے مالیت کی قیمتی گھڑی بھی تحفے میں دی۔

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ اداکارہ کو بچپن کے دوست اور اداکار ارجن کپور نے ڈیڑھ کروڑ روپے مالیت کی مالہا تحفے میں دی۔

رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ کرکٹر کے ایل راہل کو ویرات کوہلی اور مہندر سنگھ دھونی نے بھی مجموعی طور پر تین کروڑ روپے کے تحائف دیے۔

تاہم اب اتھیا شیٹی کے خاندان نے دلہا اور دلہن کو شادی کے موقع پر قیمتی تحائف ملنے کی تردید کرتے ہوئے میڈیا میں شائع خبروں کو جھوٹا قرار دے دیا۔

’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق رابطہ کرنے پر اتھیا شیٹی کے اہل خانہ نے کروڑوں روپے کے تحائف ملنے کی خبروں کو جھوٹا قرار دیا اور کہا کہ دلہن کو کوئی قیمتی تحفے نہیں ملے۔

اتھیا شیٹی کے خاندان کے مطابق میڈیا کو اس طرح کی منفی رپورٹنگ نہیں کرنی چاہئیے اور ایسی خبر دینے سے قبل خاندان سے تصدیق کرنی چاہئیے۔

اداکارہ کے اہل خانہ نے تصدیق کی کہ دلہن کو کوئی بھی قیمتی تحفہ نہیں ملا اور نہ ہی کسی کرکٹر نے دلہے کو قیمتی تحفہ دیا۔

اگرچہ دلہن اور دلہے کو کروڑوں روپے کے قیمتی تحائف ملنے کی خبر کو جھوٹا قرر دیا گیا، تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ اتھیا شیٹی کو والد سنیل شیٹی نے 50 کروڑ روپے کی مالیت کا فلیٹ بطور تحفہ دیا یا نہیں؟

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں