تاریخ میں پہلی بار سونے کی قیمت 2لاکھ روپے سے تجاوز کر گئی

اپ ڈیٹ 27 جنوری 2023
ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت دو لاکھ ہزار دو ہزار 500 روپے ہو گئی ہے— فائل فوٹو: اے ایف پی
ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت دو لاکھ ہزار دو ہزار 500 روپے ہو گئی ہے— فائل فوٹو: اے ایف پی

ملک بھر میں فی تولہ سونے کی قیمت 7 ہزار روپے اضافے کے بعد تاریخ میں پہلی بار 2 لاکھ روپے سے تجاوز کر گئی ہے۔

جمعے کو کاروباری ہفتے کے آخری دن سونے کی فی تولہ قیمت میں مزید 7 ہزار روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد سونے کی فی تولہ قیمت دو لاکھ دو ہزار 500 روپے ہو گئی ہے۔

صرافہ ایسوسی ایشن کے رہنما جنید سمیع والا کے مطابق ڈالر کی قدر میں جس تیزی سے روز اضافہ ہو رہا ہے اس کی وجہ سے قیمتیں بڑھ رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر ڈالر کی قیمت 260 سے 265 روپے کے درمیان مستحکم ہوجاتی ہے تو امید ہے کہ سونے کی قیمتوں میں تیزی سے ہونے والے اضافے کا یہ سلسلہ رک جائے گا اور سونے کی قیمت میں ٹھہراؤ آجائے گا۔

یہ پہلا موقع ہے کہ ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت 2 لاکھ روپے سے تجاوز کر گئی ہے۔

گوکہ عالمی منڈی میں سونے کی قیمت میں 6 ڈالر کمی کے بعد 1936 ڈالر پر پہنچ گئی ہے لیکن ملک میں ڈالر کی قدر میں اضافے کے سبب مقامی سطح پر قیمت میں 7ہزار فی تولہ کا اضافہ ہوا۔

دوسری جانب انٹربینک مارکیٹ میں گزشتہ روز ڈالر کی قدر میں 24 روپے سے زائد اضافے کے بعد جمعے کو مسلسل دوسرے روز بھی روپے کی بے قدری کا سلسلہ جاری رہا اور ڈالر مزید 7 روپے 17 پیسے اضافے سے 262 روپے 60 پیسے کا ہو گیا۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق آج انٹربینک مارکیٹ میں روپے کی قدر میں 2.73 فیصد یا 7 روپے 17 پیسے کی کمی واقع ہوئی، جس کے بعد ڈالر 262 روپے 60 پیسے پر بند ہوا جبکہ گزشتہ روز یہ 255.43 پر بند ہوا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں