ٹیلی وژن کے ابھرتے ہوئے اداکاروں زینب شبیر اور اسامہ خان نے کہا ہے کہ بہت سارے لوگوں اور ان کے مداحوں کو لگتا ہے کہ ان کی شادی ہوچکی جب کہ ان سے ہر بار ہر شو میں بھی ایسے ہی سوالات کیے جاتے ہیں۔

زینب شبیر اور اسامہ خان نے ایک ساتھ اداکاری کی شروع کی تھی اور دونوں متعدد منصوبوں میں ایک ساتھ کام بھی کر چکے ہیں جب کہ وہ سوشل میڈیا پر بھی ایک ساتھ تصاویر شیئر کرتے رہتے ہیں۔

دونوں کو انتہائی قریب سے دیکھنے کے بعد آئے دن سوشل میڈیا پر ان کے تعلقات اور رشتے کی افواہیں پھیلتی رہتی ہیں اور زیادہ تر لوگوں کا لگتا ہے کہ دونوں نے خفیہ طور پر شادی کر رکھی ہے۔

ماضی میں ان سے ندا یاسر نے بھی اپنے مارننگ شو میں شادی سے متعلق پوچھا تھا، جہاں دونوں نے بتایا تھا کہ انہوں نہ تو شادی کی ہے اور نہ ہی ان کے درمیان ایسے کوئی تعلقات ہیں، البتہ وہ دونوں بہترین دوست ہیں۔

اب دونوں حال ہی میں ’ہنسنا منع ہے‘ میں شریک ہوئے، جہاں دونوں سے شادی سے متعلق پوچھا گیا تھا۔

جیو ٹی وی کے شو میں دونوں الگ الگ شریک ہوئے، تاہم دونوں سے ان کے تعلقات اور شادی سے متعلق سوالات کیے گئے، جس پر انہوں نے واضح کیا کہ ان کی شادی نہیں ہوئی۔

اسامہ خان نے پروگرام میں مداح کی جانب سے پوچھے جانے پر واضح جواب دیا کہ ان کی شادی نہیں ہوئی۔

اداکار کا کہنا تھا کہ وہ متعدد بار واضح کر چکے ہیں کہ ان کے اور زینب شبیر کے درمیان ایسا کوئی تعلق نہیں۔

ان کے مطابق ایک پروگرام میں زینب شبیر کے سامنے ہی ان سے شادی کا سوال کیا گیا جس پر اداکارہ اور انہوں نے واضح کیا کہ ان کی شادی نہیں ہوئی اور نہ ہی ان کے درمیان ایسے کوئی تعلقات ہیں۔

اسامہ خان نے مزید کہا کہ انہوں نے فوری طور پر شادی سے متعلق کچھ نہیں سوچا لیکن جب والدین کروانا چاہیں گے تو وہ کرلیں گے۔

اسامہ خان کا کہنا تھا کہ وہ متعدد بار واضح کر چکے ہیں کہ ان کی زینب شبیر سے شادی نہیں ہوئی لیکن اس باوجود لوگ ان پر یقین نہیں کرتے۔

اسی طرح زینب شبیر نے بھی اسی پروگرام میں دوسرے دن واضح کیا کہ ان کی اسامہ خان سے شادی نہیں ہوئی اور وہ پہلے بھی ایسی افواہوں کو مسترد کر چکی ہیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ ایک مارننگ شو میں بھی ان سے یہی سوال کیا گیا تھا اور انہوں نے تب بھی واضح کیا تھا کہ ایسا نہیں ہے۔

زینب شبیر کے مطابق ان کی اور اسامہ خان کی شادی کی افواہیں اس وقت شروع ہوئیں جب انہوں نے اداکار کے ساتھ ایک ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران عروسی لباس میں کیپشن کے بغیر تصاویر شیئر کی تھیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ عروسی لباس میں اسامہ خان کے ساتھ تصاویر کو دیکھ کر پہلے شوبز شخصیات نے انہیں مبارک باد دی، جس کے بعد دوسرے صارفین بھی شروع ہوگئے اور سب نے سمجھا کہ دونوں نے شادی کرلی۔

زینب شبیر کا کہنا تھا کہ شوبز شخصیات کی مبارک باد کے بعد انہوں نے مذکورہ تصاویر میں کیپشن شامل کرکے ڈرامے کی تفصیلات بھی لکھیں لیکن اس کے بعد کسی نے ان پر یقین نہیں کیا اور لوگ تب سے سمجھ رہے ہیں کہ اسامہ خان اور ان کی شادی ہوچکی۔

اداکارہ نے مزید بتایا کہ ان کے اور اسامہ خان کے درمیان بہت اچھی دوستی ہے اور دونوں اکثر ایک ساتھ ہوتے ہیں مگر کبھی انہوں نے ایسا نہیں سوچا۔

زینب شبیر کا کہنا تھاکہ اب لوگوں کو ان کی اور اسامہ خان کی شادی سے متعلق افواہیں بند کردینی چاہئیے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں