آصف زرداری پر سنگین الزامات، شیخ رشید کو پولیس کے سامنے پیشی کیلئے آخری وارننگ

اپ ڈیٹ 01 فروری 2023
پولیس نے کہا کہ شیخ رشید کے پاس پولیس کے سامنے پیش ہونے کا یہ آخری موقع ہے— فوٹو: ڈان نیوز
پولیس نے کہا کہ شیخ رشید کے پاس پولیس کے سامنے پیش ہونے کا یہ آخری موقع ہے— فوٹو: ڈان نیوز

اسلام آباد پولیس نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کو ان کے خلاف درج شکایت کے حوالے سے پیش ہو کر اپنا مؤقف دینے کے لیے آخری وارننگ جاری کردی۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق پولیس نے بتایا کہ دوسرے دن یہ شکایت سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (آپریشن) اسلام آباد کے پاس درج کرائی گئی اور بعد ازاں اسے مزید کارروائی کے لیے فوری طور پر آبپارہ تھانے بھیج دیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جواب میں سابق وزیر کو آبپارہ پولیس نے بالترتیب پیر اور منگل کو پیشی کے لیے طلب کر لیا تھا۔

تاہم دونوں بار وہ پولیس کے سامنے پیش نہیں ہوئے جس پر پولیس نے انہیں بدھ کو پیش ہونے کی ہدایت کردی۔

پولیس نے کہا کہ شیخ رشید کے پاس پولیس کے سامنے پیش ہونے کا یہ آخری موقع ہے، بصورت دیگر ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ شیخ رشید احمد شکایت کے جواب میں کی جارہی تفتیش میں پولیس کے ساتھ تعاون نہیں کر رہے ہیں۔

پولیس نے دعویٰ کیا کہ ایک میسج میں شیخ رشید احمد، سابق صدر آصف علی زرداری پر لگائے گئے اپنے سابقہ الزامات سے پیچھے ہٹ گئے ہیں، ان کے بقول انہوں نے یہ بیان عمران خان کے بیان کی بنیاد پر دیا اور وہ نہیں جانتے کہ کوئی سازش تھی یا نہیں۔

اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیخ رشید احمد نے کہا کہ انہیں میڈیا کے ذریعے آبپارہ پولیس اسٹیشن بلایا گیا، انہوں نے اپنا جواب اپنے وکیل کے ذریعے جمع کرایا تاہم ایس ایچ او نے جواب موصول کرنے سے انکار کردیا۔

ایس ایچ او نے وکیل کو کہا کہ انہیں اعلیٰ حکام نے ہدایت کی تھی کہ وہ وکیل کے ذریعے کوئی بیان نہ لیں، مجھے اپنے وکیل کے ذریعے بیان جمع کرانے کا قانونی حق حاصل ہے لیکن ایس ایچ او بیان وصول نہیں کر رہے۔

اس سے قبل پیپلز پارٹی راولپنڈی ڈویژن کے نائب صدر راجا عنایت الرحمٰن نے ایس ایس پی آپریشن اسلام آباد کے دفتر میں شکایت درج کرائی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ شیخ رشید احمد نے 27 جنوری کو ایک نیوز چینل پر نشر ہونے والے انٹرویو میں الزام لگایا تھا کہ آصف زرداری نے عمران خان کو قتل کرنے کے لیے کسی دہشت گرد کی مدد حاصل کی ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کے پاس تمام معلومات ہیں اور وہ اسے شیئر کرنے کے لیے تیار ہیں، شکایت میں کہا گیا ہے کہ یہ بیان سابق صدر کو بدنام اور ان کے خاندان کے لیے مستقل خطرہ پیدا کرنے کی سازش کے تحت دیا گیا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ اس من گھڑت اور بے بنیاد سازش کے ذریعے دو گروپوں پی پی پی اور پی ٹی آئی کے درمیان تصادم اور دشمنی پیدا کرنا چاہتے تھے تاکہ ملک کا امن خراب کیا جاسکے۔

ایس ایس پی آپریشن کے دفتر نے مزید کارروائی کے لیے شکایت تھانہ آبپارہ کو بھجوا دی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں