بھارت کی معروف ایوارڈ یافتہ گلوکارہ وانی جیرام کی لاش ان کے اپنے گھر کے کمرے سے برآمد ہوئی تاہم ان کی موت قتل یا خودکشی تھی اس حوالے سے پولیس تحقیقات کررہی ہے۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق وانی جیرام کے گھر کام کرنے والی ملازمہ صبح سویرے آئی اور گھر کی گھنٹی بجاتی رہی، بارہا گھنٹی بجانے کے باوجود کوئی جواب نہ آیا، بعدازاں ملازمہ نے اپنے رشتہ داروں کو آگاہ کیا جنہوں نے پھر پولیس کو اطلاع دی۔

بھارتی میڈیا اے این آئی کے مطابق یہ واضح نہیں ہوسکا کہ گلوکارہ کی موت حادثہ یا خودکشی تھی یا انہیں قتل کیا گیا، پولیس اس حوالے سے ابھی تحقیقات کررہی ہے۔

فرانزک ٹیم جائے وقوع پر پہنچ گئی ہے جبکہ لاش کو ہسپتال منتقل کردیا ہے۔

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق 78 سالہ وانی جیرام کے ماتھے پر زخم کے نشانات پائے گئے ہیں۔

وانی جے رام کے شوہر کا کچھ سال قبل انتقال ہو گیا تھا اور وہ چنئی میں اپنے اپارٹمنٹ میں اکیلی رہتی تھیں۔

آنجہانی گلوکارہ نے حال ہی میں اپنے کریئر کے 50 سال مکمل کیے تھےاور رواں سال پدم بھوشن ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔

بھارت کے معروف گلوکار ڈی ایمان نے آنجہانی گلوکار کے ساتھ ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھاکہ وانی جیرام کی موت کا سن کر یقین نہیں آرہا، میری ان کے ساتھ بہت سی یادیں وابستہ ہیں۔

وانی جیرام بھارت کی لیجنڈری گلوکارہ تھیں جنہوں نے 18 زبانوں میں 20 ہزار گیت گائے، انہوں نے اپنا کریئر کا آغاز 1971 میں کیا تھا۔

وانی جیرام نے تامل، ہندی، مراٹھی، گجراتی اور بنگالی سمیت کئی زبانوں میں اپنے سُروں کے جادو بکھیرے ہیں۔

ان کو 3 بار بہترین خاتون پلے بیک سنگر کا نیشنل فلم ایوارڈ سے بھی نوازا گیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں