شوبز شخصیات کا شوٹنگ ٹیم پر حملے کے ملزمان گرفتار کرنے کا مطالبہ

اپ ڈیٹ 07 فروری 2023
حملے کا واقعہ 6 فروری کو پیش آیا تھا—فوٹو: انسٹاگرام
حملے کا واقعہ 6 فروری کو پیش آیا تھا—فوٹو: انسٹاگرام

شوبز شخصیات نے سندھ کے دارالحکومت کراچی میں شوٹنگ پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے سندھ حکومت اور پولیس سے ملزمان کو جلد سے جلد گرفتار کرکے انہیں قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کردیا۔

کراچی میں شوٹنگ پر 6 فروری کو حملے کا واقعہ پیش آیا تھا اور ہدایت کار نبیل قریشی نے اپنی سلسلہ وار ٹوئٹس میں حملے سے متعلق آگاہ کیا تھا۔

انہوں نے اپنی ٹوئٹس میں بتایا تھا کہ وہ اپنی ٹیم کے ہمراہ پیر الٰہی بخش (پی آئی بی) کالونی کے علاقے جمشید کوارٹرز میں شوٹنگ میں مصروف تھے کہ ہجوم نے ان پر حملہ کردیا۔

انہوں نے بتایا تھا کہ ہجوم شوٹنگ کے وقت ایک گھر میں گھس آیا، جہاں موجود درجنوں خواتین و اداکاراؤں کو ہراساں کیا گیا، ان پر تشدد کیا گیا، ان سے موبائل فون اور دیگر سامان سمیت ٹیم ارکان سے آلات بھی چھین لیے۔

نبیل قریشی نے اپنی سلسلسہ وار ٹوئٹس میں بتایا تھا کہ حملہ کرنے والا ہجوم جدید ہتھیاروں سے لیس تھا، جنہوں نے خواتین اور بچوں کا بھی لحاظ نہیں کیا اور انہوں نے پہلی بار کراچی میں اس طرح کے مسئلے کا سامنا کیا۔

انہوں نے یہ واضح نہیں کیا تھا کہ وہ کس ڈرامے یا فلم کی شوٹنگ میں مصروف تھے۔

ساتھ ہی انہوں نے اپنی ٹوئٹس میں اداکارہ حرا مانی اور ان کے شوہر مانی کو بھی مینشن کیا تھا اور اطلاعات کے مطابق ان کے ہمراہ اداکارہ گل رعنا سمیت دیگر ابھرتی ہوئی اداکارائیں بھی شوٹنگ سیٹ پر موجود تھیں، جنہیں ہراساں کیا گیا اور ان سے موبائل سمیت دیگر سامان بھی چھین لیا گیا۔

شوٹنگ سیٹ پر حملے اور اداکاروں کو ہراساں کرنے کے واقعے کے بعد جہاں عام افراد نے اس کی مذمت کی، وہیں شوبز شخصیات نے بھی اس پر اظہار افسوس کرتے ہوئے سندھ حکومت اور پولیس سے ملزمان کو جلد سے جلد گرفتار کرنے کا مطالبہ کردیا۔

اداکارہ ماہرہ خان نے شوٹنگ پر حملے کو انتہائی خطرناک قرار دیتے ہوئے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ انہیں یقین نہیں آ رہا کہ ایسا ہوا ہے۔

ساتھ ہی انہوں نے سوالات اٹھائے کہ اس حملے کے ذمہ داران کون ہیں اور حادثہ ہوجانے کے بعد کون جواب دہ ہے؟

اداکار عثمان خالد بٹ نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے تمام ساتھی فنکاروں کی خیریت کے لیے دعا بھی کی۔

خالد عثمان بٹ نے سندھ حکومت اور پولیس سے ملزمان کو جلد گرفتار کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔

فلم ساز انیر نے بھی شوٹنگ ٹیم اور اداکاروں پر ہونے والے حملے کو افسوس ناک قرار دیتے ہوئے ان کی خیریت کے لیے دعائیں کیں۔

تبصرے (0) بند ہیں