پاکستان سے ریسکیو ٹیمیں، امدادی اشیا ترکیہ پہنچنا شروع، وزیراعظم ریلیف فنڈ قائم

اپ ڈیٹ 07 فروری 2023
ریسکیو ٹیم کی قیادت ڈی جی ریسکیو ڈاکٹر رضوان نصیر کر رہے ہیں—تصویر: این ڈی ایم اے ٹوئٹر
ریسکیو ٹیم کی قیادت ڈی جی ریسکیو ڈاکٹر رضوان نصیر کر رہے ہیں—تصویر: این ڈی ایم اے ٹوئٹر

ترکیہ میں آنے والے تباہ کن زلزلے کے بعد حکومت اور پاک فوج کی ٹیمیں امدادی اشیا لے کر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشنز میں مدد کے لیے ترکیہ پہنچ رہی ہیں۔

منگل کی صبح پاکستان سے امدادی اشیا لے کر پہلا طیارہ ترکیہ پہنچا۔

پاک فضائیہ کے ترجمان کے جاری کردہ بیان کے مطابق ’پاک فضائیہ کا سی-130 ہرکولیس سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمز کے اراکین اور کمبل لے کر نور خان بیس سے ترکیہ پہنچا‘۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ طیارے میں برادر ملک ترکیہ کے متاثرہ افراد کے لیے پاکستان کے عوام کی جانب سے امدادی اشیا پہنچائی گئیں۔

خیال رہے کہ ترکیہ اور شام میں پیر کی رات گئے آنے والے تباہ کن زلزلے میں اب تک ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد 16 ہزار سے زائد ہے۔

سرکاری خبررساں ادارے ’اے پی پی‘ کی رپورٹ کے مطابق حکومت کی ہدایات پر ریسکیو آپریشن میں حصہ لینے کے لیے پاکستانی ریسکیو 1122 ٹیم روانہ ہوچکی ہے۔

ترجمان کے مطابق ریسکیو ٹیم کی قیادت ڈی جی ریسکیو ڈاکٹر رضوان نصیر کر رہے ہیں، 51 رکنی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم انٹرنیشنل رسپانس کا حصہ ہے۔

ترجمان نے کہا کہ ریسکیو ٹیم سرچ، ٹیکنیکل ریسکیو، روپ ، ریسکیو، میڈیکل ٹیم، کمانڈ سپورٹ، کوآرڈینیشن و کمیونیکیشن اور لاجسٹک ٹیم پر مشتمل اور یونائیٹڈ نیشن سے سرٹیفائیڈ ہے۔

اس موقع پر ڈی جی ریسکیو ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی ریسکیو ترک بھائیوں کے ساتھ ہیں۔

اس کے علاوہ پاکستان سے امدادی سامان لے کر ایک اور طیارہ بھی ترکیہ کے شہر ادانا پہنچ گیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ریسکیو آپریشن شروع کرنے کے لیے امدادی سامان ترکیہ روانہ کرے کی ہدایت کی تھی جس کے بعد 33رکنی عملے پر مشتمل سی-130 طیارہ ادانا پہنچ گیا ہے۔

ترک ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ہمراہ ٹیموں کو متاثرہ علاقوں کی جانب روانہ کردیا گیا ہے۔

وزیراعظم ریلیف فنڈ کا قیام

‏اس کے علاوہ وزیراعظم شہباز شریف نے برادر ملک ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کی مشکل گھڑی میں معاونت کے لیے وزیراعظم ریلیف فنڈ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے بتایا کہ کابینہ نے ایک ماہ کی تنخواہ امدادی فنڈ میں دینے کا اعلان کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے مخیرحضرات کو برادر ملک ترکیہ کی فراخ دلانہ مدد کی اپیل کی ہے۔

بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ہوا جہاں وزیراعظم کے ترکیہ زلزلہ زدگان کے لیے قائم کیے گئے ریلیف فنڈ میں تمام پاکستانیوں کو بڑھ چڑھ کر حصہ ڈالنے کی اپیل کی گئی۔

اجلاس کے بعد جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ ترکیہ اور شام میں زلزلے سے سینکڑوں افراد کی اموات اور بڑے پیمانے پر مالی نقصان پر گہرا دُکھ اور افسوس ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے نے ترکیہ میں زلزلہ زدگان کی امداد کے لیے قائم کیے گئے ریلیف فنڈ میں پاکستانیوں کو بڑھ چڑھ کر حصہ ڈالنے کی اپیل کی۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ وفاقی کابینہ نے متفقہ طور پر ترکیہ کے زلزلہ زدگان کے لیے اپنی ایک ماہ کی تنخواہ بطور عطیہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس کے علاوہ فیصلہ کیا گیا کہ وفاقی حکومت کے گریڈ 18 سے گریڈ 22 کے سرکاری افسران کی ایک دن کی تنخواہ ترکیہ کے زلزلہ زدگان کے لیے قائم فنڈ میں بطور عطیہ دی جائے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ یک جان دو قالب ہیں، ترکیہ 2022 کے تاریخی سیلاب میں اپنے پاکستانی بھائیوں کی مدد میں پیش پیش رہا اور پاکستانی قوم اپنے ترک بہن بھائیوں کو مصیبت کی اس گھڑی میں بالکل اکیلا نہیں چھوڑے گی۔

انہوں نے کہا کہ میں بذاتِ خود کل زلزلہ زدہ علاقوں کے دورے کے لیے ترکیہ روانہ ہورہا ہوں، مجھ سمیت پوری پاکستانی قوم اس الم ناک قدرتی آفت میں ترکیہ اور شام کے عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے آغاز میں ترکیہ اور شام میں زلزلے سے ہونے والی تباہی پر گہرے دُکھ اور افسوس کا اظہار اور جاں بحق افراد کی مغفرت، اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی گئی۔

پاک فوج کے 2 دستے ترکیہ روانہ

چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر کی ہدایت پر پاک فوج نے اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم کے 2 دستے روانہ کر دیے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ سے جاری بیان کے مطابق ٹیمز میں ریسکیو ماہرین، جاسوس کتے، تلاشی کے آلات اور آرمی ڈاکٹروں، نرسنگ اسٹاف اور ٹیکنیشنز پر مشتمل ایک میڈیکل ٹیم کے علاوہ 30 بستروں والا موبائل ہسپتال، خیمے، کمبل اور دیگر امدادی اشیا شامل ہیں۔

 پاک فوج کے 2 دستے ترکیہ روانہ کیے گئے ہیں—تصویر: آئی ایس پی آر
پاک فوج کے 2 دستے ترکیہ روانہ کیے گئے ہیں—تصویر: آئی ایس پی آر

بیان میں مزید بتایا گیا کہ امدادی سامان لے کر پاکستان ایئر فورس کا خصوصی طیارہ ترکیہ کے شہر ادانا کے لیے 6 اور 7 فروری کی رات کو روانہ ہو گیا تھا جو ترکیہ کی حکومت اور ان کے اسلام آباد میں سفارتخانے کے ساتھ قریبی تعاون کے ساتھ ترکیہ کے لوگوں کی ریلیف کی کوششیں میں حصہ لیں گے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق امدادی ٹیمیں ریسکیو اور ریلیف آپریشن مکمل ہونے تک وہاں پر موجود رہیں گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، سروسز چیفس اور پاکستان کی مسلح افواج نے ترکیہ میں زلزلے کے متاثرین سے گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں