اینٹی کرپشن قواعد کی خلاف ورزی، آصف آفریدی پر دو سال کی پابندی عائد

اپ ڈیٹ 07 فروری 2023
انٹرنیشنل کرکٹر آصف آفریدی—فائل فوٹو: پی سی بی
انٹرنیشنل کرکٹر آصف آفریدی—فائل فوٹو: پی سی بی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اینٹی کرپشن قواعد کی خلاف ورزیاں ثابت ہونے پر انٹرنیشنل کرکٹر آصف آفریدی پر دو سال تک کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کردی۔

پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق بورڈ کے اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت بدعنوانی کی دو خلاف وزریاں ثابت ہونے کے بعد آصف آفریدی پر دو سال کے لیے کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

پی سی بی کے مطابق قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر آصف آفریدی کو دو سال نااہلی کی سزا دی گئی جبکہ 6 ماہ تک پابندی بھی عائد کی گئی ہے۔

نااہلی اور معطلی کی دونوں سزائیں ایک ساتھ چلیں گے جس کا آغاز عارضی معطلی کے دن سے تصور کیا جائے گا جو کہ 12 ستمبر 2022 کو شروع ہوئی تھی۔

پی سی بی کے مطابق کھلاڑی پر پابندی کی سزا کے فیصلے تک پہنچنے کے لیے اس دوران اعتراف جرم، اظہارِ پشیمانی، ماضی کے ٹریک ریکارڈ کا جائزہ لیا گیا جبکہ آصف آفریدی کی طرف سے دی گئی درخواست پر بھی غور کیا جس میں انہوں نے غیرارادی طور پر قوانین کی خلاف ورزی کا مرتکب ہونے کا کہتے ہوئے کیس پر ہمدردانہ طور پر غور کرنے کی استدعا کی۔

پی سی بی کی انتظامی کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے کہا کہ پی سی بی کو ایک بین الاقوامی کرکٹر کو دو سال کے لیے معطل کرنے سے کوئی خوشی نہیں لیکن ہم اس طرح کے جرائم کے خلاف زیرو ٹالرنس رکھتے ہیں۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ کرکٹ گیم کی گورننگ باڈی ہونے کے ناطے ایسے معاملات سختی سے نمٹاتے ہوئے کھلاڑیوں کو سخت پیغام دے کر ہمیں مثال قائم کرنےکی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ بدعنوانی ہمارے کھیل کے لیے خطرہ ہے کیونکہ خود غرض اور کرپٹ لوگ کرکٹرز کو مختلف طریقوں سے لالچ دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ پی سی بی کھلاڑیوں کی تعلیم پر بہت زیادہ خرچ کر رہا ہے تاکہ وہ چوکس رہیں اور رپورٹنگ اپروچ کے ذریعے اس لعنت (کرپشن) کو ختم کرنے میں بورڈ کی مدد کر سکیں۔

نجم سیٹھی نے مزید کہا کہ اگر آگاہی کی پوری کوششوں کے باوجود بھی کوئی کھلاڑی لالچ کا شکار ہو جائے تو پی سی بی کو اس سے کوئی ہمدردی نہیں ہے۔

واضح رہے کہ 14 ستمبر 2022 کو خیبر پختونخوا کے لیگ اسپنر آصف آفریدی کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے معطل کردیا تھا، آصف آفریدی کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن کوڈ کی شق 2 کی مبینہ خلاف ورزی کے بعد عارضی طور پر معطل کیا گیا تھا۔

پی سی بی کے اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ آصف آفریدی کو پہلے ہی معطل کردیا گیا تھا اور تحقیقات مکمل ہونے تک آصف آفریدی کرکٹ کی سرگرمیوں میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں