اسٹنگ آپریشن میں سنسنی خیز انکشافات کرنے والے بھارتی چیف سلیکٹر مستعفی

اپ ڈیٹ 17 فروری 2023
چیتن شرما نے بورڈ کو اپنا استعفیٰ دیا جسے منظور کر لیا گیا— فوٹو بشکریہ ٹوئٹر
چیتن شرما نے بورڈ کو اپنا استعفیٰ دیا جسے منظور کر لیا گیا— فوٹو بشکریہ ٹوئٹر

بھارتی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر چیتن شرما نے ٹی وی نیٹ ورک اسٹنگ آپریشن کی ویڈیو وائرل ہونے پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے جہاں اس ویڈیو میں انہیں کھلاڑیوں کے حوالے سے اہم انکشافات کرتے سنا جا سکتا ہے۔

بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا(بی سی سی آئی) کے ایک عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ چیتن شرما نے اپنا استعفیٰ دے دیا ہے جسے منظور کر لیا گیا ہے۔

عہدیدار نے کہا کہ ویڈیو منظرعام پر آنے کے بعد ان کی پوزیشن بہت خراب ہو گئی تھی لہٰذا انہوں نے رضاکارانہ طور پر استعفیٰ دیا اور ان سے استعفے کا مطالبہ نہیں کیا گیا تھا۔

ادھر بی سی سی آئی کے ذرائع کے مطابق سابق سلیکٹر کی جانب سے عائد کیے گئے الزامات کے بعد وہ روہت شرما، ہردک پانڈیا اور کوچ راہول ڈراوڈ کا اعتماد کھو چکے تھے اور اس سب کے بعد سلیکشن کمیٹی کے اجلاس میں ان کے ہمراہ نہیں بیٹھ سکتے تھے کیونکہ وہ اپنی عزت گنوا چکے تھے۔

چیتن شرما کے انکشافات

زی نیوز کی جانب سے خفیہ کیمرے سے ریکارڈ کی گئی فوٹیج نشر کی گئی جس میں 57سالہ سابق چیف سلیکٹر نے کہا کہ سابق کپتان ویرات کوہلی اور بورڈ کے سابق سربراہ سارو گنگولی کا آپس میں انا کا مسئلہ تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ کوہلی سمجھتے تھے کہ وہ بورڈ سے بڑھ کر ہیں جبکہ گنگولی نے انہیں محدود اوورز کی کرکٹ میں قیادت سے مستعفی ہونے پر مجبور کیا۔

سابق فاسٹ باؤلر نے یہ بھی کہا کہ ویرات کوہلی کا یہ کہنا بھی غلط ہے کہ انہیں ون ڈے ٹیم کی قیادت سے ہٹانے سے قبل کچھ نہیں بتایا گیا تھا، اس موضوع کو چھیڑنے کی کوئی ضرورت نہیں تھی لیکن کوہلی نے گنگولی کو بدنام کرنے کے لیے جان بوجھ کر ایسا کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ جب کوہلی ٹی20 ٹیم کی قیادت چھوڑنے کے حوالے سے اپنی خواہش کا اظہار کرنے کے لیے گورننگ باڈی سے بات کررہے تھے تو گنگولی نے انہیں کہا تھا کہ وہ اپنے اس فیصلے پر نظرثانی کریں لیکن دہلی سے تعلق رکھنے والے بلے باز نے ان کی بات نہیں سنی۔

چیتن شرما نے دعویٰ کیا کہ کرکٹ بورڈ سے باہر کے ڈاکٹرز بھارتی ٹیم کے کھلاڑیوں کا تواتر سے معائنہ کرتے ہیں اور بھارتی ٹیم میں سلیکشن کی غرض سے فٹنس ٹیسٹ پاس کرنے کے لیے ممنوعہ انجیکشن لگواتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑی دردکش ادویہ نہیں لیتے کیونکہ انہیں ڈوپ ٹیسٹ میں پکڑے جانے کا خطرہ ہوتا ہے اور اس کے برعکس میچ میں فٹ رہنے کے لیے ایسے انجیکشن لگاتے ہیں جسے وہ پکڑے نہ جا سکیں۔

سابق بھارتی باؤلر نے موجودہ کھلاڑیوں پر سلیکٹرز سے رابطے میں رہنے کا بھی الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ روہت شرما، دیپک ہوڈا، امیش یادو اور ہردک پانڈیا ان سے ذاتی طور پر گھر پر ملنے آتے تھے اور ٹیم میں اپنے مستقبل کے بارے میں بات کرتے تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں