اسلام آباد میں خوف پھیلانے والا تیندوا پالتو نکلا، نامعلوم ملزم کے خلاف مقدمہ درج

اپ ڈیٹ 17 فروری 2023
اسلام آباد میں دہشت پھیلانے والا تیندوا جسے شہر کے سابقہ شڑیا گھر میں منتقل کر دیا گیا ہے— فوٹو: اے ایف پی
اسلام آباد میں دہشت پھیلانے والا تیندوا جسے شہر کے سابقہ شڑیا گھر میں منتقل کر دیا گیا ہے— فوٹو: اے ایف پی

اسلام آباد کے رہائشی علاقے میں تیندوے کے آزاد گھومنے پر نامعلوم شخص کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) کے ایک گھر میں تیندوا گھس آیا تھا جس سے رہائشی افراد خوف زدہ ہوگئے تھے، تاہم رات گئے وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ اور کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی ٹیم نے 6 گھنٹوں بعد قابو کرلیا تھا۔

وائلڈ لائف کی ٹیم تیندوے کو پنجرے میں ڈالنے میں ناکام رہے تو رات 10 بجے کے قریب اہلکاروں نے تیندوے کو مکمل طور پر بے ہوش کردیا جس کے بعد تیندوے کو بند جگہ پر قید کیا گیا۔

وائلڈ لائف بورڈ کے سربراہ رانا سعید خان نے کا کہنا ہے کہ تیندوے کو ریسکیو سینٹر میں رکھا جائے گا جو اسلام آباد چڑیا گھر کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔

اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کے ڈائریکٹر طارق بنگش نے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ جنگلی نہیں بلکہ ایک پالتو تیندوا ہے لیکن وہ بے انتہا ڈرا ہوا ہے اور اسی وجہ سے مسلسل غرا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس تیندوے کی عمر دو سے تین سال کے درمیان ہے اور اسے حال ہی میں ریسکیو گئے بھورے بھالو، چیتے اور متعدد بندروں کے ساتھ رکھا گیا ہے۔

طارق بنگش نے کہا کہ ہمیں اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ اسلام آباد اور راولپنڈی کے علاقوں میں متعدد افراد نے تیندوے سمیت متعدد جنگلی جانوروں کو گھر میں پال رکھا ہے۔

آج اسلام آباد پولیس نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ واقعے کا مقدمہ نامعلوم ملزم کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعہ 324 اور 289 کے تحت تھانہ سہالہ میں درج کرلیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ چیتا کسی نامعلوم شخص نے گھر میں پالا ہوا تھا، ملزم نے خطرناک جانور رکھ کر شہریوں کی زندگی کو خطرے میں ڈالا، ملزم کی تلاش جاری ہے، جلد گرفتار کرکے قانونی کارروائی کی جائے گی۔

تیندوا زندہ اور خیریت سے ہے، شیری رحمٰن

وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمٰن نے تیندوے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ گزشتہ رات اسلام آباد کے نجی چڑیا گھر سے فرار ہونے والا تیندوا زندہ ہے اور جانوروں کی ریسکیو سینٹر میں خیریت سے ہے۔

انہوں نے لکھا کہ ’6 گھنٹوں کی کوششوں کے بعد تیندوے کو قابو کیا گیا اس دوران وائلڈ لائف عملے کا ایک اہلکار شدید زخمی ہوا ہے، نجی چڑیا گھروں کو بند کیا جائے‘۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں