پاکستان کی پہلی مخنث اینکر مارویہ ملک مسلح حملے میں بال بال بچ گئیں

اپ ڈیٹ 24 فروری 2023
مارویہ ملک نے بتایا کہ اپنی زندگی کے خوف سے وہ لاہور چھوڑ کر ملتان اور اسلام آباد منتقل ہوگئی تھیں—تصویر: انسٹاگرام
مارویہ ملک نے بتایا کہ اپنی زندگی کے خوف سے وہ لاہور چھوڑ کر ملتان اور اسلام آباد منتقل ہوگئی تھیں—تصویر: انسٹاگرام

پاکستان کی پہلی مخنث نیوز اینکر مارویہ ملک لاہور کنٹونمنٹ کے علاقے میں اپنی رہائش گاہ کے باہر ایک مسلح حملے میں بال بال بچ گئیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق مارویہ ملک کے مطابق وہ ایک فارمیسی سے واپس آ رہی تھیں جب دو حملہ آوروں نے اندھا دھند فائرنگ کر دی۔

پولیس کو دیے گئے اپنے بیان میں مارویہ ملک نے دعویٰ کیا کہ انہیں خواجہ سراؤں کے لیے آواز اٹھانے پر نامعلوم نمبروں سے دھمکی آمیز فون کالز اور پیغامات موصول ہو رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اپنی زندگی کے خوف سے وہ لاہور چھوڑ کر ملتان اور اسلام آباد منتقل ہوگئی تھیں۔

تاہم چند ہی روز قبل وہ ایک سرجری کے لیے لاہور واپس آئی تھیں۔

مارویہ ملک کے مطابق ان کے قتل کی کوشش کے پیچھے ایک بڑی وجہ ان کا ایکٹوازم ہے۔

واضح رہے کہ مارویہ ملک نے پانچ سال قبل کوہ نور نیوز چینل پر 23 مارچ کو یوم پاکستان کے موقع پر بطور نیوز اینکر اپنے کیرئیر کا آغاز کیا تھا۔

کوہ نور نیوز نے مارویہ ملک کو پہلی خواجہ سرا کی حیثیت میں بطور نیوز کاسٹر بھرتی کرنے کی پوسٹ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شیئر کی تھی۔

ٹوئٹر پر صحافیوں و دیگر افراد نے ان کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے نجی چینل کے اس اقدام کو سراہا اور مارویہ کو مبارک باد دی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں