پنجاب میں شیڈول پی ایس ایل میچز کی سیکیورٹی، پی سی بی کا متبادلہ منصوبہ تیار

اپ ڈیٹ 24 فروری 2023
میچز کی سیکیورٹی کے لیے پنجاب حکومت نے پی سی بی سے 45 کروڑ روپے کی ادائیگی کا مطالبہ کیا ہے— فوٹو: ٹوئٹر
میچز کی سیکیورٹی کے لیے پنجاب حکومت نے پی سی بی سے 45 کروڑ روپے کی ادائیگی کا مطالبہ کیا ہے— فوٹو: ٹوئٹر

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پنجاب میں ہونے والے میچوں کے لیے سیکیورٹی کی فراہمی پر پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) اور صوبائی حکومت کے درمیان ڈیڈ لاک برقرار ہے، جس کے بعد بورڈ نے میچوں کے انعقاد کے لیے متبادل منصوبہ تیار کر لیا ہے۔

پی ایس ایل کے آٹھویں ایڈیشن کے دوسرے مرحلے کے میچ لاہور اور راولپنڈی میں بالترتیب 26 فروری اور یکم مارچ سے منعقد ہوں گے لیکن حکومت پنجاب نے میچوں کے لیے سیکیورٹی کی مد میں پی سی بی سے 45 کروڑ روپے کی ادائیگی کا مطالبہ کیا ہے۔

پنجاب کے نگراں وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے آج لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نگراں کابینہ پی ایس ایل کے میچوں کی سیکیورٹی کے لیے 45 کروڑ روپے جاری کرنے کے لیے تیار نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال حکومت پنجاب کے 50 کروڑ روپے لائٹس اور دیگر چیزوں پر لگے تھے، اب عبوری حکوت ہے تو ہمیں کہا گیا ہے کہ آپ پیسے خرچ نہیں کر سکتے اور نہ ہی کابینہ اس کے لیے تیار ہو رہی ہے۔

ادھر ذرائع کے مطابق پی سی بی نے حکومت پنجاب کو میچوں کی سیکیورٹی کے حوالے سے حتمی فیصلہ کرنے کے لیے کل تک کی ڈیڈ لائن دے دی ہے۔

باوثوق ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ پنجاب حکومت سیکیورٹی کے معاوضے کی ادائیگی سے دستبردار نہ ہوئی تو پی ایس ایل اور نیوزی لینڈ سے سیریز کے میچ پنجاب سے کراچی منتقل کردیں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ اس سلسلے میں پی سی بی کا آج اہم اجلاس ہوا جہاں فرنچائزز اور پی سی بی نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ پنجاب حکومت کو 45 کروڑ روپے فراہم نہیں کیے جائیں گے۔

باخبر ذرائع کے مطابق حکومت پنجاب کو فیصلے کے لیے کل تک کا وقت دیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں ایک متبادل منصوبہ بھی تیار کیا گیا ہے، جس کے تحت آنے والے اتوار اور پیر کو شیڈول میچ لاہور میں ہی منعقد کرائے جائیں گے اور اس کے بعد لاہور کے ساتھ ساتھ راولپنڈی میں ہونے والے میچ بھی کراچی منتقل کر دیے جائیں گے۔

اگر حکومت پنجاب اپنے مطالبے سے دستبردار نہ ہوئی تو بورڈ میچوں کی منتقلی کا اعلان کرتے ہوئے اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا بھی اعلان کرے گا۔

ڈان کو معتبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ صوبائی حکومت نے پی سی بی کی ماضی کی طرز عمل کے مطابق اس مقصد کے لیے پہلے سے ادا شدہ 5 کروڑ روپے کے علاوہ 45 کروڑ روپے کا بل بھی جمع کرایا ہے۔

پی ایس ایل سیزن 8 کے ملتان میں ہونے والے میچ مکمل ہوچکے ہیں جبکہ لیگ کے کراچی میں ہونے والے میچز کا آخری مقابلہ اتوار کو کھیلا جائے گا۔

ایونٹ کا فائنل لاہور میں شیڈول ہے، ایک کوالیفائر اور دو ایلیمینیٹرمیچز کے لیے بھی پنجاب کے کرکٹ شائقین ٹکٹ پہلے ہی خرید چکے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں