کراچی کنگز کے اسپنرز کے سامنے ملتان سلطانز بے بس، 66 رنز سے شکست

اپ ڈیٹ 26 فروری 2023
جنوبی افریقہ کے تبریز شمسی نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے صرف 18رنز کے عوض تین وکٹیں لیں — فوٹو: ٹوئٹر
جنوبی افریقہ کے تبریز شمسی نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے صرف 18رنز کے عوض تین وکٹیں لیں — فوٹو: ٹوئٹر
ملتان سلطانز کے بلے باز خوشدل شاہ کے بولڈ ہونے کا منظر — فوٹو بشکریہ ٹوئٹر
ملتان سلطانز کے بلے باز خوشدل شاہ کے بولڈ ہونے کا منظر — فوٹو بشکریہ ٹوئٹر
میتھیو ویڈ نے 47 گیندوں پر 46 رنز کی اننگز کھیلی — فوٹو: پی ایس ایلس
میتھیو ویڈ نے 47 گیندوں پر 46 رنز کی اننگز کھیلی — فوٹو: پی ایس ایلس

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں ایڈیشن کے میچ میں کراچی کنگز نے اسپنرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت ملتان سلطانز کو باآسانی 66 رنز سے شکست دے کر دو قیمتی پوائنٹس حاصل کر لیے۔

کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ ارینا میں ہونے والے میچ میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

کراچی کنگز نے اننگز کا آغاز کیا تو جیمز ونس نے جارحانہ انداز اپنایا اور صرف 12 گیندوں پر 27 رنز بنائے جس کی بدولت کراچی کنگز نے تین اوورز میں 32 رنز بنا لیے لیکن اسی مرحلے پر ونس پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد میتھیو ویڈ کا ساتھ دینے نوجوان طیب طاہر آئے اور دونوں نے دوسری وکٹ کے لیے 109 رنز کی شراکت قائم کی۔

طیب طاہر نے شاندار نصف سنچری اسکور کی لیکن جارحانہ بیٹنگ کے لیے مشہور میتھیو ویڈ پوری اننگز کے دوران جدوجہد کرتے رہے اور 47 گیندوں پر 46 رنز بنانے کے بعد احسان اللہ کی وکٹ بن گئے۔

طیب طاہر نے بھی بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے 46 گیندوں پر 65 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 8 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

اختتامی اوورز میں عماد وسیم اور شعیب ملک نے چند بڑے شاٹس کھیلے جس کی بدولت کراچی کنگز نے مقررہ اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز بنائے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے احسان اللہ نے 2 اور انور علی نے ایک وکٹ لی۔

اوپنرز محمد رضوان اور شان مسعود نے اپنی ٹیم کو 41 رنز کا آغاز فراہم کر کے اچھی بنیاد رکھی، شان مسعود 25 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے۔

گزشتہ میچوں میں جارحانہ بیٹنگ کرنے والے رائلی روسو اس مرتبہ بڑی اننگز نہ کھیل سکے اور شعیب ملک کی خوبصورت آف اسپن نے ان کی وکٹیں بکھیر دیں۔

ابھی سلطانز کی ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ تبریز شمسی نے ہم وطن ڈیوڈ ملر کی وکٹ لے کر اپنی ٹیم کو تیسری کامیابی دلائی۔

اگلے ہی اوور کی پہلی گیند پر شعیب ملک نے قیمتی وکٹ لیتے ہوئے سلطانز کے کپتان محمد رضوان کی 29 رنز کی اننگز کا خاتمہ کر کے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔

خوشدل شاہ کی بھی کراچی کنگز کے اسپنر کے سامنے ایک نہ چلی اور 4 رنز بنانے والے بلے باز جنوبی افریقی اسپنر کے سامنے وکٹیں محفوظ نہ رکھ سکے۔

سلطانز کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ تھم نہ سکا اور اسامہ میر بھی 10 رنز بنانے کے بعد تبریز شمسی کی تیسری وکٹ بن گئے۔

اس کے بعد کراچی کنگز کو ملتان سلطانز کی بساط لپیٹنے میں زیادی دیر نہ لگی اور پوری ٹیم صرف 101 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

کراچی کنگز نے میچ میں 66 رنز کے بڑے مارجن سے فتح حاصل کر کے دو قیمتی پوائنٹس اپنے نام کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے ایوریج کو بھی بہتر بنا لیا۔

کراچی کنگز کی جانب سے اسپنرز نے بہترین باؤلنگ کرتے ہوئے ملتان سلطانز کے 8 بلے بازوں کو چلتا کیا۔

سلطانز کے شعیب ملک اور تبریز شمسی نے تین، تین جبکہ کپتان عماد وسیم اور عاکف جاوید نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

تبریز شمسی کو ان کی عمدہ باؤلنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان میچ کا آغاز دوپہر 2 بجے ہوا اور میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

ملتان سلطانز: محمد رضوان (کپتان)، شان مسعود، رائلی روسوو، ڈیوڈ ملر، انور علی، خوشدل شاہ، کارلوس بریتھ ویٹ، اسامہ میر، محمد الیاس، عباس آفریدی اور احسان اللہ۔

کراچی کنگز: عماد وسیم (کپتان)، جیمز ونس، طیب طاہر، شعیب ملک، میتھیو ویڈ، عرفان نیازی، عامر یامین، بین کٹنگ، عاکف جاوید، عمران طاہر اور محمد موسیٰ۔

تبصرے (0) بند ہیں