پی ایس ایل8: اسلام آباد یونائیٹڈ 90 رنز پر ڈھیر، قلندرز کی 110 رنز سے فتح

27 فروری 2023
لاہور قلندرز کے باؤلرز نے شان دار کارکردگی دکھائی—فوٹو: اے ایف پی
لاہور قلندرز کے باؤلرز نے شان دار کارکردگی دکھائی—فوٹو: اے ایف پی
سیم بلنگز نے عبداللہ شفیق کے ساتھ 71 رنز کی شراکت بنائی—فوٹو: اے ایف پی
سیم بلنگز نے عبداللہ شفیق کے ساتھ 71 رنز کی شراکت بنائی—فوٹو: اے ایف پی
عبداللہ شفیق اور سیم بلنگز نے 71 رنز کی شراکت قائم کی—فوٹو: پی ایس ایل/ ٹوئٹر
عبداللہ شفیق اور سیم بلنگز نے 71 رنز کی شراکت قائم کی—فوٹو: پی ایس ایل/ ٹوئٹر

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2023 کے اہم میچ میں لاہور قلندرز نے شان دار بیٹنگ کے بعد زبردست باؤلنگ کے ذریعے اسلام آباد یونائیٹڈ کی مضبوط ٹیم کو صرف 90 رنز پر آؤٹ کرکے میچ 110 رنز سے جیت لیا۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے پی ایس ایل 2023 کے 16 ویں میچ میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

قلندرز کے اوپنرز نے 58 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا۔

اننگز کے ساتویں اوور کی دوسری گیند پر مرزا بیگ دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

فخر زمان نے 23 گیندوں کا سامنا کیا اور 5 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 36 رنز بنائے۔

سیم کیوران نے 8ویں اوور میں فخر زمان کو 62 کے اسکور پر آؤٹ کرکے یونائیٹڈ کو دوسری کامبابی دلائی۔

عبداللہ شفیق اور سیم بلنگز کی جوڑی ایک مرتبہ پھر قلندرز کو اچھی پوزیشن پر لے کر آئی اور 71 رنز کی شراکت میں ٹیم کا اسکور 133 رنز تک پہنچایا۔

سیم کیوران نے جارحانہ بیٹنگ کرنے والے عبداللہ شفیق کو رحمٰن اللہ گرباز کی مدد سے پویلین بھیج دیا، جنہوں نے 24 گیندوں میں 4 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 45 رنز بنائے تھے۔

قلندرز کی جانب سے حسین طلعت کو بیٹنگ کا موقع ملا لیکن وہ 5 گیندوں پر ایک چوکے کی مدد سے صرف 6 رنز بنا کر شاداب خان کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

سیم بلنگز کی 33 رنز کی اننگز بھی 16 ویں اوور میں کیوران نے حاصل کی اور اس وقت قلندرز کا اسکور 146 رنز تھا، ذیشان ضمیر نے ایک خوب صورت کیچ کیا۔

سکندر رضا نے ایک مرتبہ پھر ذمہ دارانہ بیٹنگ شروع کی لیکن دوسرے اینڈ سے ڈیوڈ ویزے ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 12 رنز بنا کر جلد بازی میں آؤٹ ہوئے۔

قلندرز کی جانب سے آخری آؤٹ ہونے والے بلے باز راشد خان تھے جنہوں نے 12 گیندوں پر 18 رنز بنا کر ٹیم کا اسکور 199 تک پہنچایا اور آخری اوور کے اختتام سے ایک گیند قبل آؤٹ ہوگئے۔

لاہور قلندرز نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 200 رنز بنا کر یونائیٹڈ کو ایک مشکل ہدف دے دیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے سیم کیوران نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں، کپتان شاداب خان نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کولن منرو اور رحمٰن اللہ گرباز نے بھی جارحانہ آغاز کیا تاہم ان کی شراکت 41 رنز پر زمان خان نے ختم کردی۔

رحمٰن اللہ گرباز 17 گیندوں پر 2 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

منرو نے ریسی وین ڈیر ڈوسن کے ساتھ مل کر ٹیم کی نصف سنچری مکمل اور انفرادی طور پر 18 رنز بنا کر ڈیوڈ ویزے کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

ڈوسن بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہیں ٹھہر پائے اور حارث رؤف کی گیند پر احسن بھٹی کا زبردست کیچ بن گئی۔

یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان اور گزشتہ میچ میں جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرنے والے اعظم خان بھی ناکام ہوئے اور جلد ہی پویلین لوٹ گئے، دونوں بلے بازوں کو ڈیوڈ ویزے نے واپسی کی راہ دکھائی۔

شاداب خان نے 6 گیندوں پر 4 رنز بنائے اور آؤٹ ہوئے تو یونائیٹڈ کا اسکور 8ویں اوور میں 63 رنز تھا۔

آصف علی آؤٹ ہونے والے پانچویں بلے باز تھے، جنہوں نے صرف 3 رنز بنائے تھے۔

اعظم خان نے 7 گیندوں کا سامنا کیا اور 4 رنز بنا کر 68 رنز پر آؤٹ ہوئے۔

ٹام کیوران 10 رنز بنا سکے لیکن راشد خان نے 81 کے اسکور پر ان کی وکٹیں اڑا دیں۔

حسن علی نے 4 رنز بنائے اور 90 کے اسکور پر رن آؤٹ ہوئے۔

لاہور قلندرز کے سکندر رضا نے یونائیٹڈ کی آخری وکٹیں 90 کے اسکور پر ہی گرادیں جہاں ذیشان ضمیر اور ابرار احمد کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہوئے۔

فہیم اشرف نے 4 رنز بنائے لیکن ٹیم کو ایک بڑی شکست سے بچانے میں ناکام رہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی پوری ٹیم 14 ویں اوور کی پانچویں گیند پر 90 رنز پر ڈھیر ہوئی اور 110رنز کی بڑی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

لاہور قلندرز کی جانب سے ڈیوڈ ویزے نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں، راشد خان اور سکندر رضا نے بالترتیب 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ڈیوڈ ویزے کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دے دیا گیا۔

قلندرز نے اس جیت کے ساتھ ہی بہترین رن ریٹ کی بنیاد پر پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز کو پیچھے چھوڑ دیا اور پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں