صوبہ سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے آج سے کراچی کے مزید دو نئے روٹس پر خواتین کے لیے پیپلز پنک بس سروس چلانے کا اعلان کردیا۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق شرجیل میمن نے پیپلز بس سروس کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی، اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ ماڈل کالونی سے ٹاور تک چلائی جانے والے پنک بس سروس کی بسوں میں اضافہ ہوگا۔

پاور ہاؤس چورنگی سے انڈس ہسپتال اور نمائش چورنگی سے سی ویو پر پنک بس سروس کے نئے روٹس کا آغاز (آج) یکم مارچ سے کردیا جائے گا۔

خواتین کے لیے بس سروس کا پہلا روٹ نارتھ کراچی میں پاور ہاؤس چورنگی سے شروع ہو کر ناگن چورنگی، شفیق موڑ، گلشن چورنگی، جوہر موڑ، سی او ڈی، ڈرگ روڈ، شاہراہ فیصل، شاہ فیصل کالونی، سنگر چورنگی اور کورنگی نمبر 5 سے ہوتا ہوا کورنگی کے انڈس ہسپتال پر اختتام پذیر ہوگا۔

پنک بس سروس کا دوسرا روٹ نمائش چورنگی سے شروع ہو کر ایم اے جناح روڈ، زیب النسا اسٹریٹ، میٹرو پول، تین تلوار، دو تلوار، عبداللہ شاہ غازی مزار، ڈولمن مال، میکڈونلڈ اور کلاک ٹاور سے ہو کر سی ویو پر اختتام پذیر ہوگا۔

وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے ماس ٹرانزٹ اتھارٹی اور نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (این آر ٹی سی) کو ہدایت جاری کوتے ہوئے کہا کہ شہر میں پیپلز بس سروس کے مزید روٹس متعارف کرانے کے لیے سروے جلد مکمل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہاکس بے روڈ تک بھی پیپلز بس سروس چلانے کا جائزہ لے رہے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں