پاکستان کرکٹ ٹیم کے سینئر کھلاڑی شعیب ملک ویسے تو بہترین بلے باز رہے لیکن اب وہ اداکاری کے شعبے میں بھی قسمت آزمانے کا سوچ رہے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق شعیب ملک نے اپنی اہلیہ اور ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کے ساتھ پروگرام کے دوران اپنے مستقبل کی منصوبہ بندی کے بارے میں بات کرتے ہوئے اداکاری کے سوال پر جواب دیتے ہوئے بتایا کہ ’میں ابھی ہامی بھر سکتا ہوں نہ انکار کرسکتا ہوں، لیکن اگر مستقبل میں اچھے پروجیکٹ کی پیش کش ہوئی تو اس کے بارے میں ضرور سوچوں گا، شاید میں اچھی اداکاری کرلوں‘۔

آل راؤنڈر شعیب ملک اس سے قبل ماڈلنگ بھی کرچکے ہیں اور ڈیجیٹل پلیٹ فارم اردو فلکس میں اپنی اہلیہ کے ساتھ پروگرام کی میزبانی بھی کررہے ہیں، ان کے پاکستانی شوبز انڈسٹری میں بھی بہت سے دوست ہیں۔

گزشتہ سال شعیب ملک نے ماہرہ خان کی پروڈیوس کردہ ڈرامہ سیریز ’بروان کھلاڑی‘ میں پہلی بار اداکاری کی تھی۔

بابر اعظم سے متعلق بیان پر شعیب اختر کی حمایت

قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے بارے میں سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر کے بیان پر حالیہ تنازع پر تبصرہ کرتے ہوئے شعیب ملک نے شعیب اختر کی حمایت کردی۔

انہوں نے کہا کہ ’میں شعیب بھائی کو کافی عرصے سے جانتا ہوں، وہ دو ٹوک بیان دیتے ہیں لیکن وہ دل کے بڑے صاف ہیں،کبھی کسی کو تکلیف نہیں دے سکتے۔

ان کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں ان کے بیان کو غلط طریقے سے لیا گیا ہے، کسی کے بارے میں رائے قائم کرنے کے لیے انگریزی کو معیار نہیں بنانا چاہیے۔

آل راؤنڈر شعیب ملک نے مزید کہا کہ میں نہیں سمجھتا کہ انگریزی نہیں آتی تو آپ کسی سے کم ہوگئے، بابر اعظم کرکٹ کے علاوہ بھی بہت کچھ سیکھنے کی کوشش کرتے ہیں’۔

کرکٹر نے کہا کہ ہمیں ہر کسی کے نظریےکا احترام کرنا چاہیے، اگر انہوں نے یہ بات کی تو اس کاکوئی مقصد ہوگا ، ایک اچھے کرکٹر کی یہ بھی ضرورت ہے کہ اپنی چیزوں میں بہتری لائی جائے۔

یاد رہے کہ شعیب اختر نے نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں کہا تھاکہ میں کھلے عام کہتا ہوں کہ ابھی بابراعظم کو پاکستان کا سب سے بڑا برانڈ ہونا چاہیے تھا لیکن وہ نہیں ہے کیونکہ اسے بولنا نہیں آتا، اس کے علاوہ بھی کوئی لڑکا نہیں بول سکتا، کیوں کہ ابھی تک صرف میں، آفریدی اور وسیم اکرم اشتہاروں میں آرہے ہیں؟

سابق فاسٹ باؤلر کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا صارفین سمیت معروف کرکٹرز نے شعیب اختر کے بیان پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں