حارث کی عمدہ بیٹنگ، زلمی نے یونائیٹڈ کو 13 رنز سے شکست دے دی

اپ ڈیٹ 12 مارچ 2023
پشاور زلمی نے میچ میں 13 رنز سے کامیابی حاصل کی — فوٹو: پی ایس ایل
پشاور زلمی نے میچ میں 13 رنز سے کامیابی حاصل کی — فوٹو: پی ایس ایل
حارث اور راجاپکسے نے 115 رنز کی شراکت قائم کی — فوٹو: پی ایس ایل
حارث اور راجاپکسے نے 115 رنز کی شراکت قائم کی — فوٹو: پی ایس ایل

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں ایڈیشن کے میچ میں پشاور زلمی نے حارث اور باؤلرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ کو 13 رنز سے شکست دے دی۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

اسلام آباد یونائیٹد کے خلاف پشاور زلمی نے حارث کی 79 رنز کی عمدہ اننگز کی بدولت 8 وکٹوں پر 179 رنز بنائے۔

زلمی کی اننگز کا آغاز کچھ اچھا نہ تھا اور گزشتہ تینوں میچوں میں نصف سنچریاں بنانے والے نوجوان بلے باز صائم ایوب پہلے ہی اوور میں بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

اس مرحلے پر محمد حارث کا ساتھ دینے بابر اعظم کی جگہ کھیلنے والے بھنوکا راجاپکسے آئے اور دونوں نے ذمے دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے دوسری وکٹ کے لیے 58 گیندوں پر 115 رنز کی ساجھے داری بنائی۔

اس مرحلے پر کپتان شاداب خان نے اپنی ٹیم کو کامیابی دلاتے ہوئے راجاپکسے کی 41 رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

قائم مقام کپتان ٹام کوہلر کیڈمور بھی صرف 12 رنز بنا سکے جبکہ محمد حارث کی 39 گیندوں پر 5 چھکوں اور 7 چوکوں سے لیس 79 رنز کی اننگز بھی اختتام کو پہنچی۔

جب 13ویں اوور کی تیسری گیند پر حارث آؤٹ ہوئے تو زلمی نے 4 وکٹوں پر 118 رنز بنائے تھے اور ایسا محسوس ہوتا تھا کہ ایک مرتبہ پھر شائقین کو 200 رنز سے زائد کا مجموعہ بورڈ پر سجا نظر آئے گا، لیکن مسلسل گرتی ہوئی وکٹوں کے سبب پشاور زلمی درکار رن ریٹ برقرار نہ رکھ سکے۔

آخری 45 گیندوں پر پشاور زلمی کے بلے باز صرف 41 رنز بنا سکے اور مقررہ 20 اوورز میں ٹیم 8 وکٹوں کے نقصان پر صرف 179 رنز بنا سکی۔

پشاور زلمی کی جانب سے حسن علی نے تین جبکہ شاداب نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں یونائیٹڈ کی اننگز کا آغاز بھی پشاور زلمی سے کچھ مختلف نہ تھا اور حسن نواز پہلے ہی اوور میں پویلین لوٹ گئے۔

ایلکس ہیلز کا ساتھ دینے صہیب مقصود آئے لیکن 15 رنز بنانے کے بعد وہ بھی عامر جمال کی وکٹ بن گئے۔

عامر جمال نے اسی پر بس نہ کی بلکہ یونائیٹڈ کو ایک اور بڑا نقصان پہنچاتے ہوئے 15 رنز بنانے والے ایلکس ہیلز کی اننگز کا بھی خاتمہ کردیا جبکہ کولن منرو بھی بقیہ دو بلے بازوں کی طرح صرف 15 رنز بنا سکے۔

شاداب خان اور رحمٰن اللہ گرباز نے مل کر ٹیم کی سنچری مکمل کرائی لیکن پھر دونوں ہی بلے باز یکے بعد دیگرے 25 اور 33 رنز بنانے کے بعد ٹیم کو بیچ منجدھار میں چھوڑ کر چلے گئے۔

ٹیم کی مشکلات میں اس وقت مزید اضافہ ہو گیا جب آصف علی اور حسن علی بھی پانچ رنز بنانے کے بعد صفیان مقیم کی وکٹ بن گئے۔

111 رنز پر آٹھ وکٹیں گرنے کے بعد ایسا محسوس ہوتا تھا کہ جلد ہی یونائیٹڈ کی بساط لپٹ جائے گی لیکن اس موقع پر فہیم اشرف حریف باؤلرز کے خلاف ڈٹ گئے۔

فہیم نے محمد وسیم کے ساتھ مل کر 55 رنز کی دھواں دھار شراکت قائم کر کے اسکور کو 166 تک پہنچا دیا لیکن اس مرحلے پر فہیم کی 13 گیندوں پر 38 رنز کی باری اختتام پذیر ہوئی جس کے ساتھ ہی یونائیٹڈ کی فتح کی امیدی بھی دم توڑ گئیں۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی پوری ٹیم 166 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور پشاور زلمی نے میچ میں 13 رنز سے فتح اپنے نام کر لی۔

محمد حارث کو 79 رنز کی عمدہ باری پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں