شادی کے 12 سال بعد شوہر کو کینسر کی تشخیص ہوئی، چند مہینوں میں ہی انتقال ہوگیا، زنجبیل عاصم شاہ
ڈراما انڈسٹری کی معروف لکھاری زنجبیل عاصم شاہ نے بتایا کہ شادی کے 12 سال بعد ان کے شوہر کو کینسر کی تشخیص ہوئی اور چند مہینوں کے اندر ہی وہ انتقال کر گئے۔
زنجبیل عاصم شاہ نے حال ہی میں آمنہ حیدر عیسانی کو دیے گئے انٹرویو میں اپنی زندگی کے اہم پہلوؤں پر بات کی۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کی شادی 21 سال کی عمر میں ہوئی، جو اس زمانے کے لحاظ سے معمول کی بات تھی، حالانکہ آج کے دور میں اس عمر میں شادی کرنا تقریباً ناممکن تصور کیا جاتا ہے۔
انہوں نے اپنے شوہر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ان کی زندگی میں اعتماد اور محبت بھری گرمجوشی پیدا کی۔
زنجبیل عاصم شاہ نے بتایا کہ شادی کے 12 سال بعد اور دو بیٹیوں کے ہونے کے بعد، ان کے شوہر کو کینسر کی تشخیص ہوئی اور چند مہینے بیمار رہنے کے بعد وہ انتقال کر گئے۔
لکھاری کا کہنا تھا کہ شوہر نے جب محسوس کیا کہ ان کے پاس کم وقت رہ گیا ہے تو انہوں نے انہیں مضبوط بنایا اور سکھایا کہ بچوں کی پرورش اکیلے کیسے کرنی ہے۔
زنجبیل عاصم شاہ نے یہ بھی بتایا کہ شوہر نے انہیں خود مختار بننے کے طریقے سکھائے، جیسے گاڑی چلانا، جنریٹر ٹھیک کرنا اور چیک لکھنا۔
ان کے مطابق شوہر کی بیماری کے دوران ایک دن وہ گھر آئیں تو پریشان تھیں کیونکہ سڑک پر ایک مرد ڈرائیور نے ان کے ساتھ بدتمیزی کی اور کافی دیر تک انہیں گھورتا رہا۔
انہوں نے جب یہ بات اپنے شوہر کو بتائی تو انہوں نے ناراضگی ظاہر کی اور سمجھایا کہ ایسے حالات میں انہیں خاموشی سے گھر واپس نہیں آنا چاہیے تھا، بلکہ ڈرائیور کے رویے کے مطابق خود بھی برتاؤ کرنا چاہیے تھا۔
زنجبیل عاصم شاہ نے مزید کہا کہ شوہر نے اپنے آخری دنوں میں انہیں سمجھایا کہ کبھی پیچھے مت ہٹنا، چاہے حالات کیسے بھی ہوں، ہمیشہ ڈٹ کر کھڑی رہنا۔
ان کے مشہور ڈراموں میں بشر مومن، پیار کے صدقے، بسمل، شیر اور پامال شامل ہیں۔













لائیو ٹی وی