میرے نام سے عمران بھائی کے بارے میں چلنے والا بیان افسوسناک ہے، شاہد آفریدی

19 مارچ 2023
شاہد آفریدی نے درخواست کی کہ مجھے اس گندی سیاست کا حصہ نہ بنائیں— فائل فوٹو: اے ایف پی
شاہد آفریدی نے درخواست کی کہ مجھے اس گندی سیاست کا حصہ نہ بنائیں— فائل فوٹو: اے ایف پی

قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے عمران خان کے حوالے سے ان سے منسوب بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی گندی سیاست کرنے کی کوشش کررہا ہے اور مجھے اس گندی سیاست کا حصہ نہ بنائیں۔

انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام میں کہا کہ میں دیکھ رہا ہوں سے سوشل میڈیا پر میرے نام سے عمران بھائی کے بارے میں ایک بیان چل رہا ہے جو بہت افسوسناک ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جو بھی یہ کررہا ہے وہ گندی سیاست کرنے کی کوشش کررہا ہے، میں اس سیاست میں پڑنا چاہتا ہوں اور نہ اس کا حصہ ہوں۔

انہوں نے کہا کہ مجھ میں اتنی ہمت ہے کہ مجھے جو بھی کہنا ہوتا ہے میں وہ کہتا ہوں اور میرے کسی بھی سوشل میڈیا پر دکھا دیں اگر میں نے عمران بھائی کے بارے میں ایسی کوئی بات کی ہو۔

شاہد آفریدی نے درخواست کی کہ مجھے اس گندی سیاست کا حصہ نہ بنائیں، آپ کو آپ کی سیاست مبارک ہو، میرا یقین صرف ایک قسم کی سیاست پر ہے اور وہ عوام اور ملک کی خدمت کرنا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سے سوشل میڈیا پر شاہد آفریدی کا ایک بیان زیر گردش ہے جس میں انہوں نے مبینہ طور پر کہا تھا کہ عمران خان کو گرفتاری دینی چاہیے تاکہ حالات بہتر ہوں۔

شاہد آفریدی کے اس مبینہ بیان پر تحریک انصاف کے کارکنان اور حامیوں کی جانب سے گزشتہ روز سے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

واضح رہے اس سے قبل بھی شاہد آفریدی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی بطور وزیر اعظم کارکردگی کے ساتھ ساتھ اقتدار سے بے دخلی کے موقع پر بھی بیانات پر پی ٹی آئی کے کارکنوں کی تنقید کی زد میں آ چکے ہیں۔

مئی 2021 میں عمران خان کی بطور وزیر اعظم کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا تھا کہ عمران خان اب سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیراعظم نواز شریف کو چھوڑدیں اور وہ تبدیلی لے کر آئیں جس کے لیے ہم نے ووٹ دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ’عمران خان، زرداری اور نواز شریف کو چھوڑ دیں، ڈھائی سے 3 سال سے انہی کے پیچھے پڑے ہوئے ہیں، اس چیز کو چھوڑدیں کہ پچھلی حکومتوں نے کیا کیا، آپ کیا کررہے ہیں؟ اللہ نے آپ کو یہ موقع دیا ہے آپ کرکے دکھائیں۔

تاہم انہیں پی ٹی آئی کے حامیوں کی سب سے زیادہ تنقید کا سامنا اس وقت کرنا پڑا تھا جب انہوں نے وزیر اعظم بننئے پر شہباز شریف کو مبارکباد جبکہ عمران خان کو اقتدار سے بے دخلی پر رخصت باوقار طریقے سے قبول کرنے کا مشورہ دیا تھا۔

شہباز شریف کے وزیر اعظم منتخب ہونے پر شاہد آفریدی نے ٹوئٹ کے ذریعے انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی تھی کہ وہ اپنی بہترین انتظامی صلاحیتوں کو بروکار لاتے ہوئے پاکستان کو موجودہ معاشی اور سیاسی بحرانوں سے نکالنے میں کامیاب ہوں گے۔

تاہم ساتھ ساتھ انہوں نے سابق وزیراعظم عمران خان کا نام لیے بغیر اگلی ٹوئٹ میں کہا تھا کہ جب وقت رخصت آ جائے تو چاہے حق پر ہوں یا غمزدہ؛ رخصت باوقار طریقے سے قبول کرنی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ الزامات، سازشیں، حتیٰ کہ شکست بھی اقتدار کے کھیل کا حصہ ہے، تاریخ کے صفحات میں بالآخر بات اخلاقی معیار، جمہوریت اور آئین کی بالادستی پر آتی ہے، اسی حسن پر میزان لگتا ہے اسی سے کردار امر ہوتے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں