کراچی کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش

اپ ڈیٹ 24 مارچ 2023
صبح سے جاری بارش کے نتیجے میں موسم انتہائی خوشگوار ہوگیا اور درجہ حرارت میں نمایاں کمی آئی—تصویر: ثوبیہ شاہد
صبح سے جاری بارش کے نتیجے میں موسم انتہائی خوشگوار ہوگیا اور درجہ حرارت میں نمایاں کمی آئی—تصویر: ثوبیہ شاہد

رمضان المبارک کی آمد ساتھ کراچی کے مختلف علاقوں میں صبح سے وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری رہا جس سے شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

شہر کے ماہر موسمیات ڈاکٹر سردار سرفراز نے ڈان کو بتایا تھا کہ جمعرات (آج) کو کراچی کے بیشتر علاقوں اور سندھ کے دیگر اضلاع میں ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ہے۔

صبح سے جاری بارش کے نتیجے میں موسم انتہائی خوشگوار ہوگیا اور درجہ حرارت میں نمایاں کمی آئی۔

شہر کے جن علاقوں میں بارش ہوئی ان میں، گلشن معمار، شاہ فیصل کالونی، ڈیفنس، نارتھ ناظم آباد، کورنگی، گلشن اقبال، لانڈھی، اسٹیل ٹاؤن، ملیر، ماڈل کالونی، ایف بی ایریا، ملیر کینٹ، سرجانی ٹاؤن، صائمہ عربین ولا، نیو کراچی وغیرہ شامل ہیں۔

بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا۔

خیال رہے کہ محکمہ موسمیات نے ہفتہ وار الرٹ میں امکان ظاہر کیا تھا کہ ایک مضبوط مغربی لہر 21 مارچ سے پاکستان میں داخل ہوگی جو کہ 22 مارچ کو ملک کے بیشتر علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لے گی۔

محکمے نے 21 سے 24 مارچ کے درمیان ملک کے مختلف حصوں میں ہلکی و تیز بارش، آندھی اور ژالہ باری کی پیش گوئی کی تھی۔

اس سلسلے میں صوبہ سندھ کے اضلاع سکھر، جیکب آباد، لاڑکانہ، حیدرآباد، سانگھڑ، مٹھی، ٹھٹھہ، بدین، شہید بینظیر آباد، میرپورخاص، دادو اور کراچی میں 21 سے 23 مارچ کے دوران آندھی/گرد آلود ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ کہیں کہیں بارش/ ژالہ باری ہونے کی پیش گوئی بھی کی گئی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں