ہر سال بالخصوص ماہ رمضان میں ملکی اور غیر ملکی معروف شخصیات سعودی عرب کے شہر مکہ میں عمرہ کی سعادت حاصل کرتی ہیں، رواں سال بھی مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے عمرے کی ادائیگی کی۔

پاکستانی اداکارہ صبا فیصل، میرا جبکہ اسپورٹس کے شعبے سے سابق بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا، پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی حارث رؤف اور کپتان بابر اعظم نے ماہ رمضان میں عمرے کی سعادت حاصل کی۔

انہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر تصاویر شیئر کیں۔

بابر اعظم

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم مقدس ماہ رمضان میں عمرے کی سعادت حاصل کرنے سعودی عرب پہنچے، انہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر تصویر بھی شیئر کی۔

تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کپتان مقدس مقام مسجد نبوی کے صحن میں کھڑے ہیں۔

حارث رؤف

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر حارث رؤف بھی عمرہ ادائیگی کے لیے سعودی عرب میں موجود ہیں، انہوں نے انسٹاگرام پر تصویر شیئر کرتے ہوئے ’الحمداللہ‘ لکھا، تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فاسٹ باؤلر خانہ کعبہ کے سامنے احرام باندھے کھڑے ہیں۔

شاہین شاہ آفریدی

فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے بھی انسٹاگرام اور ٹوئٹر پر عمرہ ادائیگی کے بعد کی تصاویر شیئر کیں۔

تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شاہین آفریدی خانہ کعبہ کے سامنے کھڑے ہیں۔

فخر زمان اور افتخار احمد

دوسری جانب قومی کرکٹر فخر زمان نے بھی روضہ رسول ﷺ پر حاضری دی اور تصویر شیئر کی۔

افتخار احمد نے بھی حارث رؤف اور دیگر کے ساتھ عمرہ ادائیگی کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے اللہ کا شکر ادا کیا اور لکھا کہ ’ خوش قسمت ہوں کہ میں نے مقدس ماہ رمضان میں عمرہ ادا کیا’۔

اداکارہ میرا

فلم اسٹار میرا نے عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کا اعلان انسٹاگرام کے ذریعے کیا۔

انہوں نے روضہ رسول ﷺ پر بھی حاضری دی اور تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کیں ۔

اداکارہ میرا نے کہا کہ عمرے کی ادائیگی خوش قسمتی ہے ۔

اداکارہ صبا فیصل

اداکارہ صبا فیصل نے فروری میں انسٹاگرام پر عمرہ ادائیگی کی تصاویر شیئر کیں۔

انہوں نے ساتھی اداکارہ سیما پاشا کے ساتھ تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’الحمداللہ ہم نے عمرہ ادا کرلیا ہے‘۔

ثانیہ مرزا

اس سے قبل سابق ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے بھی اپنے بیٹے اور دیگر اہل خانہ کے ہمراہ عمرہ ادا کیا تھا۔

انہوں نے انسٹاگرام پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’یہاں بہترین وقت گزرا، اللہ ہمیں بار بار بلائے، ان شا اللہ، ہر چیز کے لیے الحمد للہ، یا رب تیرا شکر ہے‘۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں